اگلے عام انتخابات میں ٹوریز کی قیادت کروں گی، برطانوی وزیراعظم کا اصرار
لندن ،اکتوبر ۔برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے اصرار کیا ہے کہ وہ یوٹرن لینے کی وجہ سے اپنی اتھارٹی کو بچانے کیلئے جدوجہد کرنے کے باوجود اگلے عام انتخابات میں ٹوریز کی قیادت کریں گی۔ نئے چانسلر جیریمی ہنٹ نے مارکیٹ کومستحکم کرنے کیلئے منی بجٹ کی ٹیکس کٹوتیوں کے ان کے تمام پلانز کو رد کر دیا جس کے بعد وزیراعظم نے غلطیوں پر معافی مانگ لی۔ لزٹرس نے مزید کہا کہ ان کی ایک ماہ پرانی وزارت عظمیٰ پرفیکٹ نہیں رہی ہے لیکن انہوں نے غلطیوں کو درست کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راستے کو نہ بدلنا غیر ذمہ دارانہ عمل ہوتا ہے۔ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم لز ٹرس نے کہا کہ وہ اب بھی برطانیہ کی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کیلئے انتہائی پرعزم ہیں لیکن انہوں نے یہ تسلیم کیا کہ اب اس مقصد کو حاصل کرنے میں زیادہ وقت لگے گا۔ میں اس وڑن کیلئے پرعزم ہوں لیکن ہمیں اسے مختلف طریقے سے ڈلیور کرنا ہو گا۔