اگست 2019 کے بعد جموں وکشمیر میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا
سری نگر،اگست۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ اگست 2019 میں مرکزی حکومت کی طرف سے دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد یونین ٹریٹری میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوا جس کے عام لوگوں پر فائدہ بخش اثرات مرتب ہوئے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے قومی نیوز چینل کے ایک پروگرام میں حصہ لینے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے ۔ایل جی منوج سنہا نے کہاکہ حکومت نے جموں وکشمیر میں ایک نئی صنعتی پالیسی لاگو کی جس کا فائدہ یہاں کے عوام کو ملے گا۔انہوں نے مزید کہاکہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد جموں وکشمیر میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ ایل جی نے کہاکہ اس قانون کو منسوخ کرنے سے پاکستانی رفوجیوں، دلتوں اور ہماری بہنوں کو انصاف مل پایا ہے اور وہ بھی اب قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر پچھلے تین برسوں کے دوران سرکار کی جانب سے کئے گئے کام کاج کے بارے میں اعدادوشمار بھی ظاہر کئے۔ ٓاُن کے مطابق جموں وکشمیر میں پچھلے تین برسوں کے دوران سبھی سیکٹروں پر توجہ مرکوز کی گئی ۔منوج سنہا نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو سبھی سہولیات بہم رکھنے کی خاطر حکومت کوشاں ہے اور پچھلے تین برسوں کے دوران اس پر بہت کام کیا گیا اور آج اس کا ثمرہ یہاں کے لوگوں کو مل رہا ہے ۔