اکشے کمار کی فلم ’پرتھوی راج‘ ریلیز سے قبل ہی تنازعات کا شکار

ممبئی ،جنوری۔بھارت میں اکشے کمار کی فلم ‘پرتھوی راج’ ریلیز ہونے سے قبل ہی تنازع کا شکار ہوگئی۔اس فلم کا ٹیزر ریلیز کرنے کے ساتھ ہی اس کی ریلیز ڈیٹ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے لیکن اس فلم کے زیر بحث آنے کے ساتھ ہی یہ تنازع میں بھی گھر چکی ہے۔ اس فلم کے حوالے سے کرنی سینا نے احتجاج کیا ہے۔ اْن کا احتجاج اس فلم کے ٹائٹل کے بارے میںہے۔ اْن کا بہت دنوں سے کہنا ہے کہ فلم کا ٹائٹل بدلا جانا چاہیے۔ کرنی سینا کے کچھ ارکان کا دعویٰ بھی ہے کہ وہ فلمسازوں سے اس پر بات چیت کررہے ہیں۔ای ٹائمز میں شائع رپورٹ کے مطابق کرنی سینا کے کچھ ارکان کا یہ دعویٰ ہے کہ وہ فلم کے فلمسازوں سے مل چکے ہیں اور فلمساز مطالبے کے مطابق ٹائٹل بدل سکتے ہیں۔ جبکہ تنظیم کے یوتھ ونگ سورجیت سنگھ راٹھوڑ کا دعویٰ ہے کہ ہم فلم سازوں سے ملے اور انہوں نے ہمیں بتایا کہ وہ فلم کا ٹائٹل بدل دیں گے۔ یہ مطالبہ ہم گزشتہ آٹھ ماہ سے کررہے ہیں۔ دوسری جانب فلمسازوں کا کہنا ہے کہ وہ ’پرتھوی راج‘ کا ٹائٹل نہیں بدلیں گے۔علاوہ ازیں ریاست راجستھان کے شہر اجمیر میں فلم کے خلاف گوجر برادری نے احتجاجی مظاہرے کئے۔میڈیاکے مطابق راجستھان کی گوجر برادری نے فلم سازوں کو خبردار کیا ہے کہ فلم میں ‘راجپوت’ لفظ حذف کیا جائے ورنہ اس کی نمائش نہیں ہونے دیں گے۔ گوجر برادری نے اجمیر میں واقع دیو نارائن مندر کے پاس جمع ہوکر احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے ڈسٹرکٹ کلکٹر کے دفتر میں شکایت دائر کردی۔آل انڈیا ویر گوجر سماج اصلاح کمیٹی کے صدر ہرچند گوجر نے کہا کہ فلم کا عنوان ‘پرتھوی راج’ تبدیل کیا جائے اور فلم میں تاریخ سے ہونے والے کھلواڑ سے باز رہا جائے۔ گوجر برادری کا کہنا ہے کہ عظیم حکمران کا تعلق ہماری برادری سے تھا۔ فلم کو ریلیز سے قبل ہمیں دکھایا جائے تاکہ اس میں تاریخی حوالوں کا جائزہ لیا جا سکے۔یش راج فلم کے بینر تلے بننے والی فلم راجا پرتھوی راج چوہان پر مبنی ہے۔ اسے چندر پرکاش دویدی ڈائریکٹ کررہے ہیں۔ اس فلم میں اکشے کمار اور مانوشی چھلر کے علاوہ سنجے دت اور سونو سود بھی دکھائی دیں گے۔ اس کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا ہے جس میں اکشے ایکشن کرتے نظر آرہے ہیں۔ اس کے پروڈیسر آدتیہ چوپڑا ہیں۔ یہ فلم 21 جنوری 2022 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

Related Articles