اپوزیشن اتحاد کا عمل شروع، کھڑگے نے سی ایم نتیش اور تیجسوی سے ملاقات کی

نئی دہلی, اپریل۔2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن اتحاد کی بات چیت کے درمیان، کانگریس، جے ڈی یو اور آر جے ڈی کے رہنماؤں نے بدھ کو نئی دہلی میں میٹنگ کی۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے اپنے نائب اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کے ساتھ راہل گاندھی کی موجودگی میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سے ملاقات کی۔ یہ میٹنگ کھڑگے کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ ملاقات کے بعد چاروں نے مشترکہ طور پر میڈیا سے خطاب کیا۔ کھڑگے نے کہا کہ وہ ہم خیال جماعتوں سے رجوع کریں گے۔ ہم نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرکے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ ہم زیادہ سے زیادہ سیاسی جماعتوں تک پہنچیں گے اور ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا کہ یہ نظریات کی لڑائی ہے اور یہ 2024 کی لڑائی کی طرف ایک تاریخی قدم ہے۔ یہ میٹنگ کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے کے 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے لیے پہلا قدم اٹھانے کے بعد ہوئی ہے۔ کھڑگے نے ایم کے اسٹالن، نتیش کمار اور ادھو ٹھاکرے سمیت مختلف ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کی۔ کھڑگے نے مشترکہ ایجنڈے کو باقاعدہ بنانے کے لیے ان لیڈروں کو اگلے ماہ دہلی میں اپوزیشن کی میٹنگ میں مدعو کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ قائدین نے اپوزیشن اتحاد اور ملک میں بی جے پی کو چیلنج کرنے کے لئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کئی مواقع پر کہا ہے کہ وہ اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ کانگریس اپوزیشن کو ساتھ لانے کے لیے پہل کرے گی۔

Related Articles