آسکر ایوارڈز 2023ء کی تقریب میں میزبان جیمی کیمل کی وِل اسمتھ پر تنقید

لاس اینجلس،مارچ۔اسکرایوارڈز 2023ء کی تقریب کے میزبان، کامیڈین جیمی کیمل نے گزشتہ سال اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب کے دوران اداکار وِل اسمتھ کے کرس راک کو اسٹیج پر آکر تھپڑ مارنے پر تنقید کی۔جیمی کیمل نے گزشتہ روز منعقد ہونے والے آسکر ایوارڈز کی تقریب کا آغاز کرتے ہوئے اپنی افتتاحی تقریر میں کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آپ لطف اندوز ہوں، اپنے آپ کو محفوظ محسوس کریں۔اْنہوں نے وِل اسمتھ کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ ’میں اسٹیج پر محفوظ محسوس کروں‘، لہٰذا، ہم نے کچھ سخت پالیسیاں بنائی ہیں۔اْنہوں نے مزید کہا کہ اگر اس تھیٹر میں کوئی بھی شو کے دوران کسی بھی موقع پر کسی پر بھی تشدد کرتا ہے، تو اسے بہترین اداکاری کے لیے آسکر ایوارڈ سے نوازا جائے گا اور پھر یہاں اسٹیج پر 19 منٹ طویل تقریر کرنے کی اجازت بھی دی جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ سال 27 مارچ کو اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب کے دوران اداکار وِل اسمتھ نے میزبان کرس راک کو اسٹیج پر آکر اپنی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کے بارے میں مذاق کرنے پر ایک زوردار تھپڑ رسید کردیا تھا۔جس کے بعد وِل اسمتھ کو اسی تقریب میں بہترین اداکار کا ایوارڈ بھی ملا اور اْنہوں نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کافی جذباتی تقریر کی۔بعد ازاں، ول اسمتھ نے کرس راک کو تقریب کے دوران تھپڑ مارنے پر معافی بھی مانگی اور اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنس سے استعفیٰ دے دیا۔ اب دس سال کے لیے اداکار کی آسکر ایوارڈز کی تقریب میں شرکت پر پابندی عائد ہے۔

 

Related Articles