آر مادھون کا فلم’ لال سنگھ چڈھا‘ کے فلاپ ہونے پر ردِ عمل
ممبئی،اگست۔بالی ووڈ اداکار آر مادھون نے فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ سمیت حال ہی میں انڈین باکس آفس پر مایوس کْن کارکردگی دکھانے والی بالی ووڈ فلموں کے بارے میں اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔آر مادھون سے فلم ’دھوکا راؤنڈ ڈی کارنر‘ کے ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران حال ہی میں باکس آفس پر مایوس کْن کارکردگی دکھانے والی بڑے بجٹ کی فلموں کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرنے کو کہا گیا تو اْنہوں نے کہا کہ’اگر ہمیں یہ معلوم ہوتا کہ (لال سنگھ چڈھا) باکس آفس پر کیوں ناکام ہوئی تو ہم سب ہٹ فلمیں بنا رہے ہوتے‘۔اْنہوں نے کہا کہ’کوئی بھی فلم بناتے ہوئے یہ جان بوجھ کر ایسی فلم نہیں بناتا کہ وہ باکس آفس پر ناکام ہو‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ’باکس آفس پر ناکام ہونے والی فلم کے پیچھے بھی ایک اداکار کا اچھا ارادہ اور اتنی ہی محنت ہوتی ہے جتنی کہ اس نے اپنی کسی ہٹ فلم کے لیے کی ہوتی ہے‘۔آر مادھون کا کہنا تھا کہ’لہٰذا، تمام بڑی فلمیں جو ریلیز ابھی ہوئی ہیں، ان کو بناتے وقت مقصد ایک اچھی فلم بنانا اور اسے کامیاب بنانا ہی تھا‘۔اْنہوں نے کہا کہ’جہاں تک ساؤتھ انڈین فلموں کا تعلق ہے، تو باہوبلی 1، باہوبلی 2، RRR، پشپا، کے جی ایف: چیپٹر1 اور کے جی ایف: چیپٹر 2 وہ واحد ساؤتھ انڈین فلمیں ہیں جنہوں نے ہندی فلموں سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے‘۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ’اور یہ صرف 6 فلمیں ہیں، اس لیے ہم صرف 6 فلموں کی اچھی کارکردگی کو تبدیلی نہیں کہہ سکتے‘۔ آر مادھون نے کہا کہ’اگر اچھی فلمیں آئیں گی تو وہ باکس آفس پر ضرور کامیاب ہوں گی‘۔اْنہوں نے کہا کہ’کورونا وبا کے بعد، لوگوں کی پسند اور ترجیحات میں کافی تبدیلی آگئی ہے، اس لیے ہمیں لوگوں کی ترجیحات کے مطابق اپنی فلموں کے مواد میں مزید بہتری لانی پڑے گی‘۔