آریان خان کی گرفتاری کے وقت ہنستے ہوئے تصاویر منظرِ عام پر

ممبئی،اکتوبر۔منشیات کیس میں گرفتار ہونے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے دوران ہنستے ہوئے تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کے دوران کی کچھ تصاویر وائرل ہورہی ہیں جن میں ہنستے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک تصویر میں آریان خان نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی گاڑی میں بیٹھے مْسکراتے دیکھے جاسکتے ہیں جبکہ اْن کے اردگرد مرد اور خواتین پولیس اہلکار بھی موجود ہیں۔ایک تصویر میں آریان خان کے چہرے پر ماسک ہے لیکن اس کے باوجود بھی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ ہنس رہے ہیں اور اْنہیں اپنی گرفتاری پر کسی قسم کی کوئی پریشانی یا پچھتاوا نہیں ہے۔آریان خان کی یہ تصاویر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین شدید برہم ہوگئے اور اپنے مختلف پیغامات کے ذریعے شاہ رخ خان اور اْن کے بیٹے پر تنقید کررہے ہیں۔واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے رواں ماہ 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر کروز شپ پر چھاپہ مارا تھا جہاں پارٹی چل رہی تھی اور اس پارٹی میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے مارے گئے چھاپے میں غیر قانونی منشیات برآمد ہوئی تھی اور اْسی وقت آریان خان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔آریان خان کو 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا ایک روزہ ریمانڈ منظور کیا تھا، بعدازاں آریان خان کا 3 روزہ ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔

Related Articles