آرمی چیف فرانس کے چار روزہ دورے پر

نئی دہلی، نومبر۔چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منوج پانڈے فرانس کے چار روزہ دورے پر جا رہے ہیں جس کے دوران وہ اپنے ہم منصب اور اعلیٰ فوجی افسروں کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔وزارت دفاع کے مطابق جنرل پانڈے پیر سے جمعرات تک فرانس کے دورے پر ہوں گے۔دورے کے دوران، آرمی چیف پہلی جنگ عظیم میں 4742 ہندوستانی فوجیوں کی یادگار نیو چیپل انڈین میموریل پرگلہائے عقیدت پیش کریں گے۔ بعد ازاں وہ فرانسیسی چیف آف ڈیفنس اسٹاف، چیف آف آرمی اسٹاف، اور کمانڈر کمانڈمنٹ فورسز اور دیگر فوجی حکام سے ملاقات کریں گے اور ہند-فرانس کے دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔جنرل پانڈے پیرس میں مختلف فوجی تربیتی اداروں کا دورہ کریں گے اور سینئر اسٹاف افسران سے خطاب کریں گے۔ وہ ڈریگیگن میں ملٹری اسکولوں کا بھی دورہ کریں گے جہاں کمیشنڈ افسران اور نان کمیشنڈ افسران کو تربیت دی جاتی ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ برسوں میں کئی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تعلقات اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے دورہ فرانس سے دونوں افواج کے درمیان اعتماد اور باہمی افہام و تفہیم کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔

 

Related Articles