آئی پی ایل کے آغاز میں اسٹوکس کا بالنگ کرنا مشکل
چنئی۔مارچ۔ چنئی سپر کنگز کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس بائیں گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے ابتدائی حصے میں صرف بلے باز کے طور پر کھیل سکتے ہیں۔ای ایس پی این کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق اسٹوکس کے گھٹنے کی پرانی انجری گزشتہ ماہ انگلینڈ کے دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ابھر آئی جس کی وجہ سے انہوں نے دو ٹیسٹ میں صرف نو اوورز کرائے تھے۔اسٹوکس نے بھی ٹیسٹ سیریز کے اختتام کے بعد اعتراف کیا تھا کہ انہیں گھٹنے کی انجری سے پریشانی کا سامنا ہے۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق، اسٹوکس کے گھٹنے کی رپورٹس معمول پر آ گئی ہیں لیکن انہوں نے اس مسئلے کے لیے ’کورٹیسون انجیکشن‘ لیے ہیں جو سوزش کو کم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔ای ایس پی این کرک انفو نے سپر کنگز کے بیٹنگ کوچ مائیکل ہسی کے حوالے سے کہا ’’مجھے لگتا ہے کہ وہ بلے باز کے طور پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ ہمیں بالنگ کے لیے انتظار کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کل (اتوار کو) انجکشن لگنے کے بعد ہلکی بالنگ کی۔‘‘انہوں نے کہا ’’چنئی کے ڈاکٹر اور ای سی بی (انگلینڈ کرکٹ بورڈ) مل کر کام کر رہے ہیں۔ وہ ابتدائی میچوں میں زیادہ گیند بازی نہیں کریں گے۔ امید ہے، ہم انہیں ٹورنامنٹ کے کچھ حصے میں بالنگ کروانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔‘‘واضح رہے کہ دسمبر 2022 میں ہونے والی نیلامی میں اسٹوکس کو 16.25 کروڑ روپے کی قیمت پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان اسٹوکس گزشتہ ہفتے ہندوستان پہنچنے کے بعد اپنی نئی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کر رہے ہیں۔ اسٹوکس نے بتایا ہے کہ وہ یکم جون سے آئرلینڈ کے خلاف شروع ہونے والے ٹیسٹ اور 16 جون سے آسٹریلیا کے خلاف شروع ہونے والی ایشز ٹیسٹ سیریز کے لیے آئی پی ایل فائنل سے قبل وطن روانہ ہو جائیں گے۔سابق آسٹریلیائی بلے باز ہسی نے اسٹوکس کی ایشز میں شرکت پر کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ بین اسٹوکس مکمل فٹ ہوں اور ایشز میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔یہ فرنچائز بہت پروفیشنل ہے اور تمام قومی بورڈز کے ساتھ مل کر کام کرتی ہے۔میں جانتا ہوں کہ ہمارا فزیو ہے ای سی بی فزیو کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ دونوں ٹیمیں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور ایک دوسرے کو سخت مقابلہ دیں۔‘‘آئی پی ایل کا آغاز 31 مارچ کو سپر کنگز اور گجرات جائنٹس کے درمیان میچ سے ہوگا۔