آئی سی سی نے شاہین آفریدی پر جرمانہ عائد کردیا

آئی سی سی،نومبر۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔آئی سی سی کے مطابق شاہین آفریدی بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے۔شاہین آفریدی نے میچ کے دوران گیند فیلڈ کرتے ہی اسے بیٹر عفیف حسین کی جانب پھینکا تھا۔آئی سی سی کے مطابق جرمانیکے ساتھ شاہین آفریدی کے ڈسپلنری پروفائل پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیشی بلے باز عفیف حسین نے شاہین کو تیسرے اوور کی دوسری گیند پر چھکا مارا تھا، اس کے فوری بعد اگلی ہی گیند عفیف نے روکی جو سیدھا شاہین کے ہاتھ میں گئی۔اس موقع پر شاہین نے غیر ضروری طور پر تیز تھرو کردیا جو وکٹ کے سامنے کھڑے عفیف کے ٹخنے پر لگ گیا جس سے وہ پچ پر گر پڑے۔شاہین نے بیٹرسے اسی وقت معذرت کی اور قریب جاکر اسے حوصلہ دیا اور ہمت بندھائی، اس موقع پر فوری طبی امداد کے لیے ڈاکٹر کو بھی گراؤنڈ میں طلب کیا گیا، جس کے بعد عفیف دوبارہ بیٹنگ کے لیے وکٹ پر آگئے۔تاہم سوشل میڈیا صارفین نے شاہین کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ان کے رویے پر سخت تنقید کی۔بعدازاں میچ کے بعد شاہین آفریدی خود چل کر عفیف کے پاس گئے اور ان سے دوبارہ معذرت کی اور گلے بھی لگایا۔

 

Related Articles