آئی سی سی اجلاس، رمیز چار ملکی ٹی 20 سیریز پر پیشرفت کیلئے پرامید

کراچی ،جولائی۔پی سی بی چیئرمین رمیز راجا آئی سی سی اور ایم سی سی میٹنگ میں شرکت کے لئے لندن پہنچ گئے ہیں۔ وہ ایم سی سی کمیٹی کے رکن ہیں، دیگر اراکین میں بھارتی بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی اور انگلینڈ ٹیم کے کوچ برینڈن میک کولم بھی شامل ہیں۔ آئی سی سی میٹنگ میں 2024 سے2027تک نئے فیوچر ٹور پروگرام کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔ آئی پی ایل کی ونڈو بڑھانے پر بات ہونے کی صورت میں پاکستان تحفظات کا اظہار کرے گا، رمیز راجا چار ملکی ٹورنامنٹ کی تجویز کو مزید آگے بڑھائیں گے۔گذشتہ اجلاس میں ان کی تجویز قابل عمل نہیں ہوسکی تھی لیکن وہ اس بار پر امید ہیں کہ یہ تجویز آگے بڑھے گی۔ وہ ایک نئی تجویز لے کر گئے ہیں ، وہ ہر سال پاکستان، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ملکی ٹورنامنٹ کے حوالے سے مختلف بورڈز سے گفتگو کریں گے۔ رمیز راجا انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے بورڈز سے دورہ پاکستانپر پیش رفت اور انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول پر بھی بات چیت کریں گے۔ دورے کا شیڈول جلد جاری ہوگا۔ سات ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور اور کراچی میں کرانے کی تجویز ہے۔ ذرائع کے مطابق رمیز راجا کی اجلاس کی سائیڈلائنز پر سابق کرکٹرز سے بات چیت ہو گی۔

 

Related Articles