اومیکرون پر مودی نے اعلی سطحی میٹنگ بلائی

نئی دہلی،دسمبر۔ اومیکرون کے انفیکشن میں اضافہ کے درمیان وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کی شام ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ایک میٹنگ بلائی ہے جس میں کووڈ انفیکشن کی تازہ صورتحال کا جائزہ اور ممکنہ حالات سے نپٹنے کے طورپر طریقوں پر غور و خوض کئے جانے کی امید ہے۔اعلی درجہ کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ وزیراعظم کی یہ میٹنگ کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ہونے والی تقاریب کے مدنظر اہم ہے کیونکہ ایسے موقع پر عوامی مقامات اور بازاروں میں بھی بھیڑ بڑھ جاتی ہے اور انفیکشن میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔اعدادو شمار کے مطابق ملک کی 16ریاستوں میں اومیکرون کے 236معاملے سامنے آچکے ہیں اور ان میں ایک ہفتہ میں دو گنا سے زیادہ اضافہ درج کیا گیا ہے۔ صحت اور خاندانی فلاح وبہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویا نے حالانکہ کہا کہ ملک میں 60فیصد سے زیادہ اہل آبادی کی کووڈ ٹیکہ کاری مکمل ہوچکی ہے۔ ملک میں ابھی تک 138کروڑ سے زیادہ کووڈ ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ڈاکٹروں کے مطابق کووڈ کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کا انفیکشن پرانے ڈیلٹا کے مقابلہ میں تین گنا زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندستان میں اگر غیرممالک کی طرح اومیکرون کا انفیکشن پھیلا تو طبی سہولیات پر شدید دباو پڑے گا۔ ایک تحقیق کے مطابق ہندستان میں اگر فرانس اور برطانیہ کی طرز پر انفیکشن پھیلتا ہے تو یومیہ پندرہ لاکھ تک لوگ متاثر ہوسکتے ہیں۔

Related Articles