انڈین پلیئرز کی انجرڈ شاہین آفریدی سے ملاقات، خیریت دریافت کی

دبئی،اگست۔ایشیا کپ کیلئے خطے کی ٹاپ ٹیمیں اس وقت دبئی میں جمع ہیں اور اس دوران روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے کرکٹرز کی آپس میں ملاقاتیں بھی ہورہی ہیں۔جمعرات کو ٹاپ انڈین پلیئرز نے انجری کا شکار فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 27 اگست سے شروع ہورہا ہے جس کیلئے پاکستان اور بھارت سمیت 6 ٹیمیں دبئی میں موجود ہیں۔ایونٹ کیلئے پاکستان ٹیم کو شاہین آفریدی کی خدمات حاصل نہیں تاہم وہ ری ہیب کیلئے ٹیم کے ساتھ ہیں۔گزشتہ روز ٹریننگ سیشن کے دوران شاہین آفریدی جب آرام کر رہے تھے تو انڈین ٹیم کے کھلاڑی ان سے ملنے آگئے۔ویرات کوہلی، شریاس ایئر، یوزویندرا چاہال،رشبھ پنٹ اور کے ایل راہول نے شاہین سے ملاقات کرکے ان سے فٹنس کا پوچھا اور جلد واپسی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے درمیان بھی خوشگوار ملاقات رہی۔ گزشتہ روز بابر اعظم اور کوہلی کی ملاقات کو بھی دنیا بھر کے کرکٹ فینز نے سراہا تھا۔

Related Articles