امیتابھ بچن سے متعلق لطیفہ سنانے پر ابھیشک بچن برہم ، شو ادھورا چھوڑ کر چلے گئے
ممبئی،اکتوبر۔ بھارت کے کامیڈی شوز میں فلمی ستاروں کی نقالی (mimicry)کرتے ہوئے کامیڈینز کچھ ایسی اوچھی حرکات بھی کر جاتے ہیں جو ان بڑی شخصیات کے شایان شان نہیں ہوتیں اور بدتمیزی کے زمرے میں آتی ہیں۔ ایسی ہی اوچھی حرکت گزشتہ دنوں ابھیشیک بچن کے سامنے ان کے والد گرامی امیتابھ بچن کے متعلق کی گئی جس پر وہ بہت غصے میں آ گئے اور شو چھوڑ کر چلے گئے۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ ’کیس تو بنتا ہے‘ نامی کامیڈی شو میں پیش آیا جہاں بالی ووڈ اداکار رتیش دیش مکھ، ورون شرما اور ماڈل و سوشل میڈیا انفلوئنسر کوشا کپلا نے کامیڈی کرنے کے لیے امیتابھ بچن کے متعلق کچھ ایسی بات کہہ دی جس پر ابھیشیک بچن سیخ پا ہو گئے۔ منظرعام پر آنے والے ایک ویڈیو کلپ میں ابھیشیک بچن کہہ رہے ہوتے ہیں کہ ’’میں احمق نہیں ہوں۔ یہ بہت زیادہ ہو گیا ہے۔ مجھ پر آپ جو بھی کہیں مگر ماں باپ کو تو بیچ میں نہ لائیں۔ مجھ تک ہی رہتے، پتا جی کو لے کر میں تھوڑا حساس ہو جاتا ہوں۔ وہ میرے پتا ہیں۔ مجھے اچھا نہیں لگتا۔ بڑے لوگوں کی کچھ تو عزت ہونی چاہیے۔‘‘ویڈیو کلپ میں شو میں موجود لوگ ابھیشیک بچن کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن وہ غصے میں وہاں سے چلے جاتے ہیں اور شو کے تینوں میزبان ہکا بکا رہ جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ شو ایک عدالت کی طرز پر بنایا گیا ہے جس میں کوشا کپلا جج کے فرائض نبھاتی ہیں جبکہ رتیش دیش مکھ وکیل دفاع اور ورون شرما پبلک پراسیکیوٹر کا کردار نبھاتے ہیں۔