امریکا : سابقہ ملکہ حسن نے عمارت سے چھلانگ لگا کر موت کو گلے لگا لیا
نیویارک،جنوری۔امریکا میں 30 سالہ سابقہ ملکہ حسن چیسلی کریسٹ نے کل اتوار کی صبح نیویارک میں ایک عمارت کی 29 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ چیسلی نے 2019ء میں مِس امریکا کا ٹائٹل جیتا تھا۔ اس مقابلے میں 51 خواتین شریک تھیں۔امریکی چینل فوکس نیوز نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ چیسلی کا یہ اقدام بظاہر خود کشی معلوم ہوتا ہے۔ لاش کے پوسٹ مارٹم سے حتمی موقف سامنے آ سکے گا۔چیسلی ماضی میں وکیل رہ چکی ہیں۔ اس سے قبل اس نے فیشن ماڈل اور ٹی وی پروگراموں کی میزبان کے طور پر بھی کام کیا۔ سال 2019ء میں چیسلی نے مِس امریکا ہونے کی حیثیت سے مِس یونیورس کے مقابلے میں بھی شرکت کی تھی۔ تاہم وہ ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکی۔چیسلی کا تعلق نارتھ کیرولائنا ریاست سے ہے۔ اس نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز اور قانون میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لی تھی۔