الریاض میں’دنیا کے سب سے بڑے اورجدید شہری مرکز‘کی نگرانی کے لیے کمپنی کا قیام

الریاض،فروری ۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو نیو مربع ڈیولپمنٹ کمپنی کے قیام کا اعلان کیا ہے جو 2030 تک الریاض میں ایک جدید شہری مرکز کی تعمیروترقی کی نگرانی کرے گی۔سعودی ولی عہد کی سربراہی میں بننے والی کمپنی الریاض میں دنیا کا سب سے بڑا جدید شہر تیار کرے گی اور توقع ہے کہ اس سے غیرتیل جی ڈی پی میں 48 ارب ڈالر (سعودی ریال 180 ارب) کا اضافہ ہوگا اور 000، 334 براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔شہر کو پائیداری پرتوجہ مرکوز کرتے ہوئے تعمیر کیا جائے گا۔اس میں سبز علاقے،پیدل چلنے اور سائیکل چلانے کے راستے شامل ہوں گے جو فعال طرزِزندگی کو فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔اس میں ایک میوزیم، ایک ٹیکنالوجی اور ڈیزائن یونیورسٹی، ایک کثیرالمقاصد شاندار تھیٹراور 80 سے زیادہ تفریحی اور ثقافتی مقامات بھی شامل ہوں گے۔یہ منصوبہ مملکت کے ویڑن 2030 کے اہداف کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے اور الریاض کے شمال مغرب میں شاہ سلمان اور شاہ خالدشاہراہوں کے چوراہے پر ایک کروڑ نوّے لاکھ مربع میٹر کے علاقے میں واقع ہوگا۔اس منصوبے میں 104,000 سے زیادہ رہائشی یونٹس، 000، 9 ہوٹلوں کے کمرے، 000، 980 مربع میٹر سے زیادہ خوردہ کاروباری مراکز کی جگہ، 14 لاکھ مربع میٹر دفاترکی جگہیں، تفریحی سرگرمیوں کے لیے 000، 620 مربع میٹر جگہ اور کمیونٹی سہولیات کے لیے 18 لاکھ مربع میٹر رقبہ مختص کیا جائے گا۔اس میں 15 منٹ کے شہرکے تصور کو بھی شامل کیے جانے کی امید ہے۔اس میں رہنے،کام کرنے اور تفریحی مقامات اس کے رہائشیوں کے لیے آسانی سے قابل رسائی ہوں گے۔اس جدید شہرکے اہم منصوبوں میں سے ایک ’’مکعب‘‘ہے۔ اسے جدید ترین ٹیکنالوجیز پر مشتمل ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔اس کی اونچائی 400 میٹر، چوڑائی 400 میٹر اور لمبائی 400 میٹر ہوگی۔یہ مبیّنہ طور پر جدید نجدی آرکیٹیکچرل اسٹائل سے متاثر ہے اورجدید ترین ہولوگرافکس کے ساتھ ڈیجیٹل اور ورچوئل ٹیکنالوجی کے ذریعے تخلیق کردہ تجربہ پیش کرنے والی دنیا کی پہلی شاندارمنزل بنے گا۔’’مکعب‘‘میں سرپل بیس کے اوپرایک ٹاور شامل ہوگا۔اسے ’’پریمیم مہمان نوازی کی منزل‘‘کے طور پر تیارکیا جا رہا ہے۔اس میں رہائشی اور ہوٹل یونٹوں، تجارتی مقامات اور تفریحی سہولیات کے ساتھ خوردہ کاروباری، ثقافتی اور سیاحتی مقامات کی ایک بڑی تعداد موجود ہوگی۔

Related Articles