افغانستان سیریز کیلئے یوسف کو پاکستان کا ہیڈکوچ بنانیکا امکان

راولپنڈی ،مارچ۔شارجہ میں افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں سابق کپتان محمد یوسف کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا جارہا ہے۔ سیریز ایف ٹی پی کا حصہ نہیں اس لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے عارضی مدت کے لئے ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنگ سے رابطے پر محمد یوسف نے تصدیق کرنے سے انکار کردیا لیکن پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اپریل میں ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ وہ نیوزی لینڈ کی ہوم سیریز میں انگلینڈ سے بیٹھ کر کوچنگ کریں گے۔ محمد یوسف ، ثقلین مشتاق کے ساتھ پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ تھے اس وقت وہ پاکستانی ہائی پرفارمنس سینٹر میں کام کررہے ہیں۔ ان کی نئی پوسٹنگ سے پاکستانی ہائی پرفارمنس سینٹر بھی لاعلم ہے۔ پی سی بی کو افغانستان کے خلاف سیریز کیلئے ٹیم اور اسپورٹ اسٹاف کا اعلان کرنا باقی ہے۔ پی سی بی کی جانب سے وقتی طور پر ملکی کوچز کے ساتھ ہی ملکی اسپورٹ اسٹاف کے ساتھ ہی کام چلائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا اعلان بھی اگلے چند روز میں کیا جا ئے گا۔

Related Articles