اسکول میں فونز لانے پر ٹیچرز نے بچوں کے موبائل ہی جلادیے
جکارتہ،فروری۔اسکولوں میں موبائل فون کا استعمال پہلے ممنوع ہوتا تھا لیکن کورونا وائرس کے بعد آن لائن کلاسز کی وجہ اب اسکولوں میں بھی اسمارٹ فونز استعمال کیے جارہے ہیں مگر انڈونیشیا میں ٹیچرز کو موبائل فونز کا اسکول میں استعمال ایک آنکھ نہ بھایا۔سوشل میڈیا پر انڈونیشیا کے اسکول کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں کلاس کے دوران طلبہ کے موبائل استعمال کرنے پرخاتون ٹیچر کا سخت رد عمل دیکھا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی اسکول میں ٹیچرز نے موبائل لانے پر طلبہ کے فون ضبط کرلیے اور انہیں آگ میں ڈال دیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹیچرز ایک ڈرم میں بھڑکتی آگ میں موبائل فونز پھینک رہی ہیں۔اس دوران طلبہ ٹیچرز سے موبائل فون آگ میں نہ پھینکنے کی درخواست کرتے رہے لیکن ٹیچرز نے ایک نہ سنی۔