اسٹیو اسمتھ بھی اپنا ‘تکیہ’لے کر پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد،فروری۔آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24 سال بعد 27 فروری اتوار کے روز پاکستان پہنچی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ہوٹل آمد پر دیکھا گیا کہ آسٹریلوی بیٹر نے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی طرح اپنا تکیہ اٹھایا ہوا ہے۔اسٹیو اسمتھ کی ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں وہ ہوٹل میں آنے کے بعد چند کھلاڑیوں سے کھڑے بات چیت میں مصروف ہیں لیکن ان کا تکیہ ان کے ہاتھ میں ہی ہے۔سوشل میڈیا پر ویڈیو مقبول ہوئی تو مداحوں نے طرح طرح کے تبصرے کیے۔محمد کیف نامی صارف نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ اپنے تکیے کے ساتھ ہیں، یقین کریں اس سیریز کے بعد اسٹیو پاکستان میں سب سے زیادہ چاہنے والے انٹرنیشنل کھلاڑی بن جائیں گے۔عمر ملک نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیو اسمتھ نے بھی اپنا تکیہ ساتھ رکھا ہوا ہے، بالکل ہمارے سپر مین رضوان کی طرح۔ایک اور صارف نے رضوان کی تکیے کے ہمراہ تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ دنیا کے دو بہترین کھلاڑی اپنے تکیوں کے ساتھ، میرا خیال ہے کہ تکیے ہی ان کی کارکردگی کا راز ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان پہنچنے والے کھلاڑیوں میں کپتان پیٹ کمنز کے علاوہ اسٹیو اسمتھ، مارنس لبوشین، جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش، عثمان خواجہ، ناتھن لیون، مچل اسٹارک اور دیگر کھلاڑی شامل ہیں۔آسٹریلین ٹیم دو روز بائیو سکیور ببل میں رہے گی اور دو روز بعد کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے کھلاڑی پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے راولپنڈی میں شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔