احمد آباد ہاردک پانڈیا کو کپتانی سونپنے کے لئے تیار
احمد آباد، جنوری۔ نئی آئی پی ایل فرنچائزی ٹیم احمد آباد ہاردک پانڈیا کو اپنا کپتان بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ امکان ہے کہ ان کا باضابطہ طور پر ہفتے کے روز بطور کپتان اعلان کیا جائے گا۔دونوں نئی آئی پی ایل ٹیموں کو کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا آخری دن سنیچر ہے۔فرنچائزی کے اس اقدام سے نہ صرف ٹیم میں آل راؤنڈر کی جگہ محفوظ ہو جائے گی بلکہ خود کو مقامی گجراتی شناخت کے ساتھ جوڑنے کے فرنچائزی کے ارادے کو بھی پورا کرے گا۔ گجرات میں پیدا ہونے والے ہاردک کے علاوہ، سی وی سی کے زیرقیادت احمد آباد گروپ نے افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان کو بھی 15 کروڑ روپے کی فیس میں شامل کیا ہے۔ دوسرے کھلاڑی کی حیثیت سے راشد کے لیے خرچ کی گئی رقم معیاری قیمت کے سلیب سے زیادہ ہے۔ فرنچائزی نے ان کے لیے اپنی جیب سے اضافی چار کروڑ روپے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے قبل انہوں نے اپنی سابق ٹیم سن رائزرس حیدرآباد کے ساتھ دوسرے کھلاڑی کے طور پر جاری رہنے سے انکار کردیا تھا۔کرک بز کے مطابق احمد آباد کے تیسرے کھلاڑی ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کےسلامی بلے باز شبھمن گل ہوسکتے ہیں جنہیں 7 کروڑ روپے میں خریدا جاسکتا ہے۔