اب حقیقی اسٹوری پر مبنی فلمیں ہی کامیاب ہوں گی، انوپم کھیر

ممبئی،نومبر۔حالیہ ماہ و سال کے دوران بالی ووڈ فلموں کو بڑی مشکل صورتحال کا سامنا ہے اور ہندی فلمیں باکس آفس پر اچھے نمبروں کے حصول کے لیے سخت جدوجہد کررہی ہیں۔ 1983 کے ورلڈ کپ کرکٹ میں بھارت کی کامیابی پر بننے والی 83 ہو یا وکرم ویدھا، شمشیرا یا لعل سنگھ چڈھا سب کو مشکل درپیش ہے، بلکہ بڑے اسٹارز بھی فلم بینوں کو تھیٹرز کی جانب واپس لانے کے لیے کافی جدوجہد کررہے ہیں۔ایسے میں بالی ووڈ کے سینیئر اداکار انوپم کھیر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران فلموں کے حوالے سے لوگوں کے مزاج اور حساسیت میں بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے۔ان کے مطابق لاک ڈاؤن نے فلم بینوں کے احساساست کو تبدیل کیا ہے اور اب وہ حقیقی اسٹوریز کی جانب زیادہ راغب ہوئے ہیں۔ میڈیا ادارے سے گفتگو کے دوران انوپم کھیر کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے دوران لوگوں کو عالمی سنیما کو دیکھنے کا موقع ملا، اس لیے فلمسازوں کو چاہیے کہ وہ اپنی اسٹوری میں حقیقت کو پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ دو سالوں میں لوگ تبدیل ہوگئے ہیں، لہٰذا ہمیں اس پر غور کرنا چاہیے۔ لوگوں نے ان دو سالوں میں کافی تکلیف، خوف اور سانحات کا سامنا کیا اور اب وہ جھوٹی کہانیوں کی بجائے حقائق پر مبنی اسٹوری دیکھنا چاہتے ہیں۔

Related Articles