بومن ایرانی اداکاری کے بعد ہدایتکاری میں بھی قسمت آزمانے کیلئے تیار

ممبئی،فروری ۔ فلم منا بھائی ایم بی بی ایس سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے بومن ایرانی اب ہدایتکاری میں بھی اپنی قسمت آزمانے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے بومن ایرانی کا کہنا ہے کہ ان کی ہدایتکاری میں بننے والا پہلا پروجیکٹ وہ ہے جس کے کرنے کے بارے میں وہ کچھ عرصے سے سوچ رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اپنے پروجیکٹ کو انہوں نے خود لکھا ہے اور امید ہے کہ یہ اسی سال کے وسط میں شروع ہوجائے گا۔ بومن کا کہنا تھا کہ میرے پاس فلم ’جیش بھائی جوردار‘ ہے جس کے بارے میں انتہائی پرجوش ہوں، اس کے بعد ’ڈیٹیکٹو شیرگل‘، ’رن وے 34‘ اور ’اونچائی‘ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان فلموں سے بھاگنے کا کوئی موقع نہیں کیونکہ فلمیں میری زندگی کا اہم حصہ ہیں اور میں جب تک زندہ ہوں فلمیں کرتا رہوں گا۔ واضح رہے کہ بومن ایرانی اس سال ویب سیریز کا ڈیبیو بھی کرنے جارہے ہیں۔ اپنی مصروفیت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے مصروف رہنا پسند ہے اور میں خوش قسمت ہوں کہ میں مصروف ہوں میں لاک ڈاؤن سے پہلے کے وقت سے بھی زیادہ اس وقت مصروف ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں ڈیجیٹل اسپیس میں ڈیبیو کروں گا، جس کی شوٹنگ چندی گڑھ میں کی۔ یہ کام کافی مشکل تھا، بہت محنت کی، لیکن وقت گزر گیا اور یہ وہ دن تھے جنہیں میں نے بہت انجوائے کیا۔

 

Related Articles