ایشوریا رائے پیرس چلی گئیں
ممبئی،اکتوبر۔بالی ووڈ کی مقبول ترین اداکارہ اور سابقہ مِس ورلڈ ایشوریا رائے بچن اپنے شوہر ابھیشیک بچن اور بیٹی کے ہمراہ پیرس چلی گئیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشوریہ رائے بچن کی شوہر ابھیشیک اور بیٹی کے ساتھ گزشتہ شب ممبئی ایئر پورٹ پر تصاویر لی گئیں جبکہ ایشوریہ رائے بچن کا یہ گزشتہ دو سالوں میں پہلا بین الاقوامی دورہ ہے۔رپورٹ کے مطابق اداکارہ پیرس فیشن ویک کے زیرِ اہتمام ایک بیرونی رن وے شو Le Defilee L’Oreal Paris کے چوتھے ایڈیشن کے لیے پیرس گئی ہیں۔ میڈیا کے مطابق ایشوریا رائے نے سال 2019ء کے بعد سے بیرون ملک سفر نہیں کیا کیونکہ وہ وبائی امراض کے آغاز کے بعد سے حفاظتی احتیاطی تدابیر کے بارے میں انتہائی محتاط تھیں لیکن اب وہ مکمل طور پر ویکسین شدہ اور سفر کرنے کے قابل ہیں۔واضح رہے کہ ایشوریا رائے بچن نے 1994 میں مس ورلڈ کا خطاب جیتا تھا اور اس کے بعد سے وہ بالی ووڈ کے مشہور چہروں میں سے ایک بن گئیں۔ایشوریا رائے بچن نے سال 2007 میں ابھیشیک بچن سے شادی کی تھی اور اْن کی ایک بیٹی ہے۔