امریکی گلوکارہ کے 28 سال پرانے گانے پر کاپی رائٹ خلاف ورزی کا الزام

نیویارک،جون۔امریکی گلوکارہ ماریہ کیری پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں 2 کروڑ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر ہوگیا ہے۔ماریہ کیری نے مشہور زمانہ ’’آل آئی وانٹ فار کرسمس اِز یْو‘‘ گایا تھا جس پر تین دہائیوں بعد کاپی رائٹ کا الزام لگایا گیا ہے۔1994 میں ریلیز ہونے والا یہ گانا عالمی سطح پر بیحد مقبول ہوا تھا اور آج بھی کرسمس کے بہترین گانوں میں شمار ہوتا ہے۔نغمہ نگار اینڈی اسٹون نے ہرجانے کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکی گلوکارہ اور ان کے ساتھی والٹر نے ’’جان بوجھ کر اور ارادتاً‘‘ میرے گانے کی نقل کی۔امریکا کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں داخل کی گئی قانونی دستاویزات کے مطابق اینڈی اسٹون کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسی نام سے ایک گانا تحریر کیا تھا اور اسے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دونوں گانوں کی موسیقی اور اشعار مختلف ہیں۔اینڈی اسٹون کے بینڈ نے اپنا گانا 1989 میں ریلیز کیا تھا لیکن ان کا الزام ہے کہ ماریہ اور والٹر نے اپنے گانے کی دْھن اِس طرح ترتیب دی کہ میرے گانے کی مقبولیت کو نقصان پہنچا۔واضح رہے کہ ماریہ کیری کی البم ’’میری کرسمس‘‘ یکم نومبر 1994 کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک اس کا شمار کرسمس کی بہترین البمز میں ہوتا ہے، اس البم کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں۔ماریہ کیری کے گانے ’’آل آئی وانٹ فار کرسمس اِز یْو‘‘ کو اسپوٹیفائی پر ایک ارب سے زائد مرتبہ سنا جاچکا ہے۔
.

Related Articles