سولر لائٹ سے روشن ہوں گے بہار کے گاؤں ، 15 اپریل سے منصوبے پر عمل درآمد ہوگا شروع:نتیش
پٹنہ ،فروری ۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 1انے مارگ واقع سنکلپ میں ویڈیوکانفرنسنگ کے توسط سے وزیر اعلیٰ سات عزائم منصوبہ 2 کے تحت ’وزیر اعلیٰ رورل سولر اسٹریٹ لائٹ منصوبہ‘ کی پیش رفت سے متعلق جائزہ میٹنگ کی ۔جائزہ میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سات عزائم 2 کے تحت ’وزیر اعلیٰ رورل سولر اسٹریٹ لائٹ اسکیم ‘ پرعمل درآمد 15اپریل سے شروع کریں ۔اس کی شروعات ہو نے سے گاؤں کے راستے اور اہم مقامات سولر لائٹ سے روشن ہو ں گے ۔ شام سے صبح تک سولر اسٹریٹ لائٹ جلے گی ، اس سے گاؤں کی تصویر بدلے گی اور لوگ بہت خوش ہوں گے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’وزیر اعلیٰ رورل سولر اسٹریٹ لائٹ اسکیم‘ کے حوالے سے لوگوں میں بہت جوش و خروش ہے ۔ تجرباتی طور پر محکمہ اسے تمام اضلاع کے کم سے کم ایک ایک پنچایت میں شروع کرائیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سولر اسٹریٹ لائٹ لگانے کے ساتھ ساتھ اس کے مینٹننس اور مسلسل نگرانی کا بہتر انتظام ہو ۔ ہم لوگوں کا مقصد ہے کہ سولر اسٹریٹ لائٹ کے ذریعہ لوگوں کو مسلسل فائدہ ملتا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی پروڈکشن اکائی کو ریاست میں ہی قائم کر نے کے لیے کارو باری لوگوں کو ترغیب دیں تاکہ سولر لائٹ کے سامان کی پیدا وار بھی یہیں ہو ،ساتھ ہی مقامی لوگوں کو روزگارملے ۔ انہوں نے کہا کہ سولر لائٹ میں استعمال کی جارہی اشیا کا معیار بہتر ہو اسے بھی یقینی بنائیں ۔میٹنگ میں پنچایت راج محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر اروند کمار چودھری نے اپنے پرزنٹیشن کے ذریعہ ’وزیر اعلیٰ رورل سولر اسٹریٹ لائٹ اسکیم ‘کی پیش رفت کی تفصیلی جانکاری دی ۔انہوں نے اس کی زمین ،اہداف ، نفاذ اور رابطہ کمیٹی ،مالیاتی انتظام، سولر اسٹریٹ لائٹ کے منیٹننس ، سولر اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب کے لیے جگہوں کا انتخاب کے بارے میں جانکاری دی ۔انہوں نے بتا یا کہ ہر وارڈ میں اوسطاً10 سولر اسٹریٹ لائٹ لگائے جائیںگے ، اس کے علاوہ دیگر اہم عوامی مقامات پربھی سولر لائٹ لگائی جائے گی ۔میٹنگ میں محکمہ توانائی کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر سنجیو ہنس نے پرزنٹیشن کے توسط سے ’وزیر اعلیٰ رورل سولر اسٹریٹ لائٹ اسکیم‘ کے تکنیکی معاون کی شکل میں بہار رینیوئیبل انجری ڈیولپمنٹ ایجنسی (بریڈا)کی طرف سے کیے جارہے کام کی موجودہ پیش رفت کی تفصیلی جانکاری دی ۔ انہوںنے اس کے مختلف اجزا سولر پینل ، بیٹری ، بلب کی تکنیکی خصوصیات وغیرہ کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے بتا یا کہ ریمورٹ مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعہ سولر اسٹریٹ لائٹ کے نفاذکی بہتر طریقہ سے نگرانی کی جائے گی ۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر دیپک کمار ،چیف سیکریٹری مسٹر عامر سبحانی ، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری مسٹر انوپم کمار اوروزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ موجودتھے ،جبکہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بجلی کے وزیر جناب بجندرپرساد یادو ، پنچایتی راج کے وزیر جناب سمراٹ چودھری ،پنچایت راج محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر اروند کمار چودھری اور بجلی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری مسٹر سنجیو ہنس منسلک تھے ۔