حکومت کی حصولیابیوں کو عوام کے سامنے لائیں:گہلوت
جے پور، فروری۔ راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے آج کانگریس کے اراکین اسمبلی سے کہا کہ ریاست کے عوام دوبارہ کانگریس کی حکومت چاہتے ہیں، ایسے میں متحد ہو کر اور عوامی فلاحی اسکیموں اور حکومت کی حصولیابیوں کو عوام تک پہنچاکر ریاست میں پھر سے کانگریس کی حکومت کا قیام یقینی بنانا ہوگا۔مسٹرگہلوت نے آج کانگریس کے چنتن شیویر میں قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں یہ اظہار خیال کیا۔ میٹنگ کے بعد فوڈ اینڈ سول سپلائیز کے وزیر پرتاپ سنگھ کھچریاواس نے بتایا کہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے تمام ممبران اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ متحد ہو کر حکومت کی کامیابیوں کو عوام تک پہنچائیں اور آئندہ 9 فروری سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کے جھوٹ کو بے نقاب کریں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام ریاستی حکومت کی کورونا مینجمنٹ اور مفاد عامہ کی اسکیموں سے خوش ہیں۔ریاست کے عوام چاہتے ہیں کہ ریاست میں دوبارہ کانگریس کی حکومت بنے، اس لیے متحد ہو کر حکومت کی ان کی کامیابیوں کو عوام تک پہنچانا ہے۔ میٹنگ میں، مسٹر گہلوت نے ایم ایل اے کی جانب سے اپنے اپنے علاقے میں اپنے کاموں اور حکومت کی عوامی فلاحی اسکیموں کے بارے میں کتابچہ شائع نہ کرنے پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کام کیے بغیر مہم چلاتی ہے لیکن کام کرنے کے باوجود ہم اس مہم کو پھیلا نہیں پا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی عوامی فلاحی اسکیموں کی بنیاد پر عوام کے درمیان جانا چاہئے اور اس کے بارے میں ایک کتابچہ شائع چاہئے۔