انتخابی حکمت عملی کار پرشانت کشور اور ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کی راہیں جلد ہی الگ ہوسکتی ہیں!
کلکتہ،فروری ۔مغربی بنگال کے 108 میونسپلٹی انتخابات کےلئے امیدواروں کے فہرست میں اختلافات اور پارٹی میں پرشانت کشور کی ٹیم آئی پی اے سی کی بڑھتی دخل اندازی اور اس کی وجہ سے ترنمول کانگریس میں ہونے والے دخل اندازی کے بعد یہ قیاس آرائی شروع ہوگئی ہے کہ ترنمول کانگریس اور پرشانت کشور کی ٹیم کے ساتھ تعلقات کا خاتمہ عنقریب اور پارٹی کشور کی ٹیم کی مزید خدمات لینے کے حق میں نہیں ہے۔2019 کے لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کانگریس کی غیر متوقع شکست کے بعد پارٹی نے 2021کے اسمبلی انتخابات کےلئے انتخابی حکمت کار پرشانت کشور اور ان کی ٹیم آئی پی اے سی کی خدمات حاصل کی تھی ۔کہا جاتا ہے کہ پرشانت کشور کو بنگال میں لانے میں ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھشیک بنرجی نے ہی لایا تھا۔2021 کے اسمبلی انتخابات میںپرشانت کشور کی ٹیم نےترنمول کانگریس کی انتخابی حکمت عملی سے لے امیدواروں کے انتخابات اور ممتا بنرجی کی تقریروں سے لے کر پارٹی پروگراموں تک میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔پرشانت کشور کے بڑھتے ہوئے دخل اندازی کو لے کر کئی سینئر لیڈران ناراض بھی تھے مگر آواز اٹھانے سے کترارہے تھے۔اسمبلی انتخابات میں ترنمو ل کانگریس کی شاندار جیت کے بعد پرشانت کشور نے کہا تھا کہ وہ اب آئی پی اے سی کو چھوڑ دیں گے اور ان کی ٹیم کے لوگ چلائیںگے۔مگر ترنمول کانگریس نے ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا یہاں تک کہ وہ مختلف سرکاری دفاتر میں مشیر بھی ہیں ۔پرشانت کشور کے مشورے پرہی ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی ملک بھر میں اپنی توسیع کےلئے کام کررہی ہے۔تاہم پرشانت کشور اور ان کی ٹیم کی بڑھتی ہوئی سرگرمی کو لے کر اب پارٹی میں کھلے عام ناراضگی بڑھتی جارہی ہے۔کابینہ میں بھی ناراضگی کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔ دوسری طرف، پارٹی کی داخلی سیاست میں پرشانت کشور اور ان کی ٹیم کی بڑھتی ہوئی سرگرمی پر ممتا بنرجی کی ناراضگی کا ہی نتیجہ ہے کہ کلکتہ اور بدھان نگر سمیت کئی بلدیات اور میونسپلٹیوں کے انتخابات میں کشور کی ٹیم کے مشورے کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ میٹنگ میں موجود IPAC کے نمائندے نے بھی شکایت کی کہ ان کی سفارش پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔ مگر ترنمول کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے اس پر کوئی خاص توجہ نہیں دی۔ بلکہ پارٹی نے کہا کہ بنگلہ کو سمجھنے کےلئے کسی اور کے مشورے کی ضرورت نہیں ہے۔ 107 میونسپلٹیوں کے امیدواروں کی فہرست کو لے کر جو صورتحال پیدا ہوئی ہے، اس کے لیے ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈران پرشانت کشور کی ٹیم کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں،۔پرشانت کشور کی ٹیم پر الزام ہے کہ انہوں نے ممتا بنرجی اور پارٹی اعلیٰ قیادت کی منظوری کے بغیر پارٹی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر امیدواروں کی ایسی فہرست شائع کی جس کی منظوری پارٹی سے نہیں لی گئی ۔ترنمول کانگریس کے ذرائع کے مطابق پرشانت کشور نے ممتا بنرجی کو ایک ٹیکسٹ میسج بھیج کر بتایا کہ وہ بنگال، تریپورہ اور میگھالیہ میں ترنمول کے ساتھ مزید کام نہیں کرنا چاہتے۔ ذرائع کے مطابق ممتا نے اس ٹیکسٹ مسیج کا جواب فوری دیتے ہوئے کشور کا شکریہ ادا کیا۔ترنمول کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے بتایا ہے کہ ہم لوگ جائزہ لے رہے ہیں کہ ’’کنسلٹنگ فارم کے ساتھ معاہدہ کیا ہواہے۔‘‘ اور اگر کوئی معاہدہ ہوا تو اسے فوری طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔