پنجاب کانگریس کو دھچکا، دلت لیڈر جوگیندر مان آپ میں شامل

پھگواڑہ (کپور تھلہ)/ نئی دہلی، جنوری۔تقریباً 50 برسوں تک کانگریس میں سیاسی سفر طے کرنے والے پنجاب کے سابق وزیر اور سابق مرکزی وزیر بوٹا سنگھ کے بھانجے جوگیندر مان آج صبح دہلی میں عام آدمی پارٹی (آپ) میں شامل ہوگئے۔آپ کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے باضابطہ طور پر مسٹر مان کو پارٹی میں شامل کیا۔ قوی امکان ہے کہ آپ انہیں آئندہ اسمبلی انتخابات میں پھگواڑہ سے اپنا امیدوار بنا سکتی ہے ۔کانگریس میں مختلف اہم عہدوں پر رہنے والے مسٹر مان خود کو مکمل طور پر کانگریسی مانتے تھے۔ وہ یہاں تک کہتے تھے کہ مرنے کے بعد کانگریس کے پرچم میں لپیٹ کر جائیں گے۔مسٹر مان خود پھگواڑہ کو ضلع نہ بنانے اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ گھپلے کے قصورواروں کو سزا نہ دینے کے سلسلے میں ناراض چل رہے تھے۔ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ گھپلے کے سلسلے میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ دلت طبقے کے طلبا کے ساتھ فریب ہے اور کہاتھا کہ کانگریس حکومت ان کے ساتھ انصاف کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ پھگواڑہ ریزرو اسمبلی حلقے سے تین بار رکن اسمبلی رہنے والے مسٹر مان کو اس بار بھی پارٹی سے ٹکٹ کی امید تھی لیکن ٹکٹ کٹنے کی بھنک لگنے کے سبب انہوں نے پارٹی کو الوداع کہنے کا فیصلہ کیا۔وہ راجندر کور بٹھل، ہرچرن سنگھ براڑ اور کیپٹن امریندر کی حکومتوں میں وزیر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ ریاست میں کانگریس کا بڑا دلت چہرہ تھے اور ان کے جانے سے پارٹی کو بڑا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے گزشتہ جمعہ کو ہی کانگریس کی بنیادی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا اور ان کا آپ میں جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا جو سنیچر کو درست ثابت ہوا۔ مسٹر مان اس وقت پنجاب فوڈ کارپوریشن کے چیئرمین تھے۔

Related Articles