تری پور ہ میں ترنمول کانگریس کے لیڈر کی گرفتاری
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملنے کےلئے ترنمول کانگریس کا وفد دہلی میں
کلکتہ ،نومبر۔ ترنمو ل کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ کا ایک وفد جس میں پارٹی کے ترجمان ڈیرک اوبرائن، سکھیندو شیکھر رائے، شانتنو سین، ڈولا سین سمیت کئی ممبران پارلیمنٹ شامل ہیںدہلی پہنچ گئے ہیں اور کل تری پورہ میں ہوئے تشدد کے واقعات پرمرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کےلئے وقت مانگا ہے۔ممبر پارلیمنٹ سوگتا رائے نے کہا کہ تریپورہ کا واقعہ جمہوریت پر حملہ ہے۔ ہم نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے لیکن ہمیں ابھی تک وقت نہیں ملا ہے۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بھی دہلی پہنچ رہی ہیں۔ دہلی پہنچنے کے بعد وہ کئی اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات کریں گی۔ترنمول کانگریس کے ممبران پارلیمنٹ نے وزارت داخلہ کے باہر احتجاج بھی کیا۔ترنمول کانگریس کے ایک اور ممبر پارلیمنٹ سکھیندو شیکھر رائے نے کہا کہ تریپورہ حکومت کو برطرف کیا جانا چاہئے۔ تریپورہ میں غنڈہ راج قائم ہو چکا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ترنمول کانگریس کی یوتھ لیڈر کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔قبل ازیں تری پورہ پولس نے اتوار کی دوپہر ترنمول کانگریس کی یوتھ ونگ کی صدر اور ٹالی ووڈ اداکارہ سیانی گھوش کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 153، 153A، 307، 120B کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔مغربی تریپورہ ضلع کے اے ایس پی جے ریڈی نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ ’’ان کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی، اس سلسلے میں ہم نے اسے پولیس اسٹیشن بلایا تھا۔ اس کے بعد ان سے پوچھ گچھ اور گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد ہمیں ابتدائی شواہد ملے ہیں۔ اور ہم نے آئی پی سی کی دفعہ 153، 153 اے، 307، 120 بی کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا ہے۔اتوار کی صبح11.30بجے گھوش اور ترنمول کانگریس کے دیگر لیڈران مشرقی اگرتلہ مہیلا پولیس اسٹیشن پہنچے جہاںبی جے پی اور ترنمول کانگریس کے ورکروں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔اس واقعے میں ترنمول کانگریس کے پانچ ورکر زخمی ہوگئے ہیں ۔ سیانی گھوش سے پوچھ گچھ کے بعد اسے 4 بجے شام میںگرفتار کیا گیا۔