صدرٹی آرایس کے عہدہ کیلئے چندرشیکھرراو کے نام کی تجویز
خاتون عوامی نمائندوں نے پرچہ نامزدگی داخل کیا
حیدرآباد،اکتوبر۔تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کے صدر کے انتخاب کے لئے پرچہ نامزدگیوں کے ادخال کا عمل جاری ہے۔پارٹی ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون میں آج پارٹی کی خاتون عوامی نمائندوں نے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے نام کی تجویز کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کی جبکہ گذشتہ روز ٹی آرایس کے وزرا، ارکان پارلیمنٹ،ارکان اسمبلی، ارکان کونسل اور دیگر نے بھی وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے نام کی اس اہم عہدہ کے لئے تجویز پیش کرتے ہوئے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا۔خاتون وزراستیہ وتی راتھوڑ،سبیتااندراریڈی،ارکان اسمبلی جی سنیتا،ہری پریہ نائک،ریکھانائک،ایم پی مالوت کویتا،رکن کونسل کویتا کے بشمول دیگر نے آج پرچہ نامزدگی داخل کیاجس کے نتیجہ میں تلنگانہ بھون میں کافی گہماگہمی دیکھی گئی۔اسی دوران پارٹی کے کارگذارصدر تارک راما راو نے سنگاریڈی،دوباک،سرسلہ،کورٹلہ،وقارآباد،سوریہ پیٹ،حضورنگرکے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔15نومبرکو ورنگل ضلع میں ہونے والے جلسہ کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیاگیا۔