شرنگلا نے مہندا راجا پکسے سے ملاقات کی
کولمبو، اکتوبر۔ سکریٹری خارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے آج یہاں سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راج پکسے سے ملاقات کی۔شری شنگلا نے 2 اکتوبر سے 5 اکتوبر تک چار دن کے لیے سری لنکا کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق مسٹر شرنگلا نے مسٹر راج پکسے کے ساتھ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کثیر جہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے بارے میں نتیجہ خیز بات چیت کی۔اس سے قبل ایک پروگرام میں سیکرٹری خارجہ، سری لنکا کے وزیر خارجہ، پروفیسر سی ایل پیریج سمیت مختلف وزراء کی موجودگی میں انڈین ہاؤسنگ اسکیم کے تحت تعمیر کیے گئے 1235 گھروں اور جافنا میں کئی دیگر منصوبوں کا افتتاح کیا۔مسٹر شرنگلا نے اتوار کو کینڈی میں سری دلادا مالیگاوا کے بدھ مندر کا دورہ کیا جہاں خیال کیا جاتا ہے کہ مہاتما بدھ کے دانتوں کے آثار محفوظ ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے اشتراک سے بنائے جانے والے ٹرنکومالی آئل اسٹوریج ڈپو کا معائنہ کیا اور جافنا کلچرل سنٹر اور پالی ائرپورٹ کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔دونوں ممالک کووڈْ۔ 19 وبا سے نمٹنے میں مسلسل ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔ اس سال کے شروع میں ہندوستان نے نیبرہڈ فرسٹ پالیسی کے تحت سری لنکا کو اینٹی کووڈ۔ 19 ویکسین فراہم کی تھی۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے ہنگامی طبی آکسیجن بھی بھیجی تھی جب سری لنکا میں کووڈ کے کیس اچانک بڑھ گئے تھے۔