شہیدوں کے لواحقین کو ضابطے کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا-بگھیل
دنتے واڑہ ،اپریل۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے آج یہاں کہا کہ دنتے واڑہ ضلع میں نکسلیوں کے حملے میں شہید جوانوں کے لواحقین کوضابطے کے مطابق معاوضے کی رقم فراہم کی جائے گی۔مسٹر بگھیل نے دنتے واڑہ ضلع میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد میڈیا سے با ت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت شہید جوانوں کے لواحقین کے تئیں پوری طرح حساس ہے۔ ان کے لواحقین کو حکومت کے ضابطے کے مطابق معاوضہ اور امداد دے گی ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے نکسلی متاثرہ علاقوں میں ہمارے جوان بہادری سے لڑ رہے ہیں، لیکن بد قسمتی سے ان میں سے کچھ شہید ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہ حکومت نکسلیوں کے خلاف مزید سخت کاروائی کرے گی ۔ متاثرہ علاقوں میں جوانوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ہم نے مرکزی حکومت کو خط بھی لکھا ہے۔ اس کے علاوہ نکسلی متاثرہ علاقوں میں عام لوگوں کا حکومت کے تئیں بھروسہ میں اضافہ کرنے کے لئے بھی ضروری قدم اٹھائے جا رہے ہیں ۔اس درمیان سماجی کارکن سونی سوڑھی نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ لگتا ہے کہ حکومت نکسلی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہی ہے۔انہوں نے ایک طرح سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ایسی حکومت کب آئے گی ، جو نکسلی مسائل پر موثر طریقے سے کنٹرول کرنے میں کامیاب ہوگی ۔