مرکزی حکومت کی جانب سے نہیں فراہم کرائی جارہی ہے کورونا ویکسین
ریاستی حکومت اپنی طرف سے لوگوں کو یکسین دیناجاری رکھے گی:نتیش
پٹنہ، اپریل،۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج 1 انے مارگ واقع ‘سنکلپ’ میں کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح کی جائزہ میٹنگ کی۔ میٹنگ میں محکمہ صحت کے سکریٹری مسٹر سنجے کمار سنگھ نے ریاست میں کورونا انفیکشن کی تازہ ترین صورتحال اور محکمہ کے ذریعہ کئے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرائی۔جائزہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کی کچھ ریاستوں میں کورونا انفیکشن کے معاملوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ دو تین دنوں سے بہار میں بھی کورونا انفیکشن کے معاملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ بہار میں اب بھی روزانہ بڑی تعداد میں کورونا ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ اس وقت پورے ملک میں جتنے کورونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں ان میں سے ایک تہائی بہار میں ہو رہے ہیں۔ ملک میں 10 لاکھ کی آبادی پر کورونا کا اوسط ٹیسٹ 6 لاکھ کے قریب ہے جبکہ بہار میں یہ 10 لاکھ کی آبادی پر8 لاکھ سے زائد کورونا کی اوسط جانچ کی جا رہی ہے۔
افسران کو ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پوری ریاست میں زیادہ سے زیادہ جانچ کرائیں۔ جتنی زیادہ جانچ ہوگی، اتنے ہی زیادہ کورونا انفیکشن کے معاملوں کا پتہ چلے گا۔ کورونا کے معاملے کم ہوں یا بڑھیں کورونا کی مسلسل جانچ جاری رکھیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے مکمل انتظامات رکھیں۔ اسپتالوں میں ہر قسم کی ادویات اور آلات دستیاب رکھیں۔ آکسیجن کی دستیابی کو بھی یقینی بنائیں۔ بھیڑ والے مقامات پر لوگ پر ماسک کا استعمال کریں۔ سب کو ہوشیار اوربیدار رہنا ہوگا۔ ریاست کے تمام اسپتالوں میں ماک ڈریل کروائیں اور ہر طرح کی تیاریاں رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ کورونا ویکسن مہیانہیں کرائی جارہی ہے، اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ریاستی حکومت اپنی طرف سے کورونا ویکسین خرید کر لوگوں کو ویکسین دینا جاری رکھے گی۔
میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی پرساد یادو، وزیر خزانہ، کمر شیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، چیف سکریٹری عامر سبحانی، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری ومحکمہ خزانہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ ،وزیر اعلیٰ کے سکریٹری مسٹر انوپم کمار سکریٹری محکمہ صحت مسٹر سنجے کمار سنگھ اور وزیر اعلیٰ کے اوایس ڈی مسٹر گوپال سنگھ موجود تھے۔