اگلے سال کے آخر تک یوپی کی سڑکوں پرخرچ کریں گے پانچ لاکھ کروڑ:گڈکری
گورکھپور:مارچ۔اترپردیش کی سڑکوں کو امریکہ جیسا بنانے کے عزم کو دہراتے ہوئے مرکزی سڑک،ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری نے پیر کو کہا کہ سال 2024 کے آخر تک ریاست میں سڑکوں کی عمدہ رکھ رکھاؤ اور سڑک تعمیر کے لئے پانچ لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔گورکھپور میں نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا(این ایچ اے آئی) کی 18پروجکٹوں کے سنگ بنیاد و افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے اترپردیش مین نیشنل ہائی وے کی مکمل، زیر تعمیر اور مجوزہ پروجکٹوں کے سلسلہ وار توسیع کی جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014 کے بعد اترپردیش میں نیشنل ہائی ویز کی لمبائی دو گنی بڑھ گی ہے۔ ریاست کی تبدیل شدہ تصویر اور یہاں بڑے پیمانے پر ہورہی سرمایہ کاری سے یہ واضح ہے کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں یوپی ہندوستان کا سب سے خوشحال صوبہ بنے گا۔انہوں نے کہا کہ اچھی سڑکوں سے اترپردیش بھی امریکہ جیسا خوشحال ہوگا۔ بابا گورکھناتھ کی مقدس سرزمین پر افتتاح و سنگ بنیاد کی تقریب سے اترپردیش میں سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا اور صنعتی فروغ کو بڑھاوا ملے گا۔ نئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں قومی شاہراہوں کی تعمیر سے اترپردیش کی ترقی کے لئے ہم پر عزم ہیں۔گڈکری نے کہا کہ غریبی دور کرنے، مفاد عامہ کے لئے، رام راج کو قائم کررہے ہیں۔ ملک اور اترپردیش کی عوام اسے محسوس بھی کررہی ہیں۔ ان کی قیادت میں ملک اور یوی میں تبدیلی آرہی ہے۔ سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کے پریاس کے منتر سے دنیا کی سب سے بڑی طاقت بنے گا۔