کانگریس نے تریپورہ انتخابات کے لیے 20 وعدوں کے ساتھ منشور جاری کیا

اگرتلہ، فروری ۔ تریپورہ پردیش کانگریس نے پیر کو آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئے 20 انتخابی وعدوں کے ساتھ اپنا منشور جاری کیا۔کانگریس کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے سدیپ رائے برمن نے منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی 16 فروری کو ہونے والے انتخابات میں اقتدار میں آتی ہے توریاست میں امن و امان قائم کرنے اور خواتین سے متعلق جرائم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ اس الیکشن میں کانگریس بایاں محاذ کے ساتھ مل کر لڑ رہی ہے اور بایاں محاذ نے الگ منشور بھی جاری کیا ہے۔پارٹی کی طرف سے غریبوں کے مفت علاج کے لیے پچاس ہزار روپے، بدعنوانی کو روکنے کے لیے ایک مضبوط لوک آیکت کا قیام اور پچھلے پانچ برسوں میں بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات شروع کرنے اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کے لیے 50 ہزار روپے دینے کا وعدہ کیا۔ہر گھر کو 150 یونٹ تک مفت بجلی کی فراہمی اور عوامی تقسیم کے نظام کے ذریعے سب کو 14 اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں گی، کم از کم 50 ہزار افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ منشور میں سرکاری محکموں میں تمام خالی آسامیوں پر نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔تریپورہ اے ڈی سی کو بااختیار بنانے کے لیے برسوں سے پارلیمنٹ میں زیر التوا 125ویں آئینی ترمیمی بل کو منظور کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ کانگریس نے وعدہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی پرانی پنشن اسکیم کو بحال کیا جائے گا، غیر بینکنگ مالیاتی کمپنیوں کے متاثرین کو معاوضہ دیاجائے گا اورہر خاندان کو پانچ سو روپے کی سبسیڈی پر سالانہ چھ ایل پی جی سلنڈر فراہم کئے جائیں گے۔ویژن ڈاکیومنٹ 2018 میں شامل وعدوں کو پورا نہ کرنے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر تنقید کرتے ہوئے، مسٹر رائے برمن نے کہا، ہم نے بی جے پی کی طرح لوگوں کولبھانے کے لئےانتخابی منشور جاری نہیں کیا، جوانتخابات سے پہلے کئے گئے 299 کو وعدوں کوپورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ہم صرف وہ وعدے کرتے ہیں جن کی پاسداری ممکن ہو اور عوام کو دھوکہ دینے کے لیے کوئی ویژن نہیں بناتے۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) کے ساتھ 13 سیٹوں کی تقسیم کے معاہدے کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، یہ فیصلہ اور معاہدہ بی جے پی کو اقتدار سے ہٹانے کے بڑے مقصد کے لیے تھا، نہ کہ پارٹی کے ذاتی مفاد کے لیے۔ بے جے پی کے آمرانہ حکومت کے تحت لوگوں نے پانچ سال تک بہت کچھ برداشت کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ لوگ بائیں بازو- کانگریس حکومت کو اقتدار میں لائیں گے۔

Related Articles