میگھالیہ قانون ساز اسمبلی کے سابق اسپیکر ڈانگو بی جے پی میں شامل
شیلانگ، فروری۔ میگھالیہ قانون ساز اسمبلی کے سابق اسپیکر اور حکمراں نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کے امیدوار مارٹن ڈانگو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ پانچ بار ایم ایل اے رہ چکے مسٹر ڈانگو نے اپنے حامیوں کے دعوی کرنے کے بعدکہ پارٹی کی طرف سے انہیں مالی طور پر نظر انداز کیا گیا، این پی پی سے استعفیٰ دے دیا۔قبل ازیں مسٹر ڈانگو نے اپنے حامیوں کے ساتھ 28 جنوری کو آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما سے بھی ملاقات کی تھی۔ مسٹر ڈانگو رانی کور اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ میگھالیہ میں 27 فروری کو اسمبلی انتخابات ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کے فیصلے کو قبول کیا ہے، حالانکہ مسٹر ڈانگو نے این پی پی لیڈروں کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔مسٹر ڈانگو نے پہلی بار 1998 میں پیپلز ڈیموکریٹک موومنٹ کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخابات جیتے تھے۔ بعد میں وہ 2003 میں کانگریس میں شامل ہوئے۔ انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر 2018 کے اسمبلی انتخابات جیتنے کے بعد اسمبلی سے استعفیٰ دے دیا اور این پی پی کے ٹکٹ پر ضمنی انتخاب لڑا، لیکن وہ ہار گئے۔