جموں وکشمیر میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کو فروغ دینے میں کانگریس ملوث: رویندر رینا
جموں ،جنوری۔بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیریونٹ کے صدر رویندر رینا نے الزام لگایا کہ کانگریس جموں وکشمیر میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کو فروغ دینے میں براہ راست ملوث ہے۔انہوں نے کہاکہ کانگریس لیڈر راہول گاندھی بھارت توڑنے والی یاترا پر نکلے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کی غلط پالیسیوں کی بدولت ہی سال 1947میں ملک کے ٹکڑے ہوئے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ کانگریس کو جواب دینا ہی پڑے گا کہ سال 1947میں کس کے کہنے پر ملک کے ٹکڑے کئے گئے ۔رویندر رینا کے مطابق کانگریس کی وجہ سے ہی ملک کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑااور اسی پارٹی کی غداری کی وجہ سے ملک کے ٹکڑے ہوئے۔بی جے پی چیف کے مطابق نہرو خاندان کسی کا سگا نہیں ہو سکتا اور ان کے منصوبوں سے لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔اُن کے مطابق جموں وکشمیر میں دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کو فروغ دینے میں کانگریس کا ہاتھ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس لیڈروں نے ہمیشہ پاکستان کے تئیں نرم گوشہ رکھنے والے کشمیر کے لیڈروں کے ساتھ گہرے تعلقات قائم کئے۔رویندر رینا کے مطابق جموں وکشمیر میں اس وقت جو صورتحال ہے اس کی ذمہ دار بھی کانگریس پارٹی ہی ہے۔