پیگاسس: تکنیکی کمیٹی کے قیام کیلئے عدالت عظمیٰ کے احکامات آئندہ ہفتہ متوقع
نئی دہلی ، ستمبر۔ عدالت عظمیٰ نے جمعرات کو پیگاسس جاسوسی کے الزامات کی جانچ کے لیے ایک ٹیکنیکل کمیٹی کے قیام اور اگلے ہفتے اس سلسلے میں حکم جاری کرنے کا اشارہ دیاہے۔چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی میں ایک ڈویژن بنچ نے یہ زبانی اطلاع ایک دوسرے کیس کے خصوصی ذکر کے دوران دی۔جسٹس رمن نے درخواست گزاروں میں سے ایک کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ چندر ادئے سنگھ کو بتایا کہ عدالت کو اس ہفتے حکم دینا تھا ، لیکن مجوزہ ٹیکنیکل کمیٹی کے ایک مجوزہ رکن نے اپنی ذاتی پریشانیوں کی وجہ سے کمیٹی کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے۔ اس لیے آرڈر میں تاخیر ہوئی ہے ، لیکن حکم اگلے ہفتے جاری کردیا جائے گا۔چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ جلد ہی ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے بعد آئندہ ہفتےاس حکم کا اعلان کرے گا۔قابل ذکر ہے کہ 13 ستمبر کو جسٹس رمن ، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس ہیما کوہلی کی ڈویژن بنچ نے اس معاملے میں فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا جب مرکزی حکومت نے قومی سلامتی کے نام پر اس معاملے میں ایک اضافی حلف نامہ داخل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔