سمندری طوفان ’مینڈس‘ تمل ناڈو کے ساحل سے گزرا، کمزور پڑا
چنئی، دسمبر۔تمل ناڈو سمندری طوفان مینڈس کی زد میں ہے جس کی شدت ہفتہ کو پڈوچیری اور سری ہری کوٹا کے درمیان ساحل کو عبور کرنے کے بعد مامل پورم میں کم ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے دی گئی معلومات میں بتایا گیا کہ مینڈس طوفان زمینی علاقے سے گزر گیا ہے اور اب یہ شمال مغرب کی طرف بڑھے گا اور بتدریج مسلسل کمزور ہوتا جائے گا۔ طوفان آدھی رات کو چنئی کے علاقے میں پہنچا اور آج صبح سویرے پورے علاقے کو عبور کر گیا۔ مینڈس ساحلی تمل ناڈو سے گزرنے کے بعد کمزور پڑ کر 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ گیا۔ طوفان کے زیر اثر کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور شمالی تمل ناڈو کے کئی حصوں میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کی توقع ہے۔ کرشنا گری، دھرم پوری، تروپتر، ویلور، رانیپیٹ، ترووناملائی، کانچی پورم اور تروولور اضلاع میں بھاری سے بہت زیادہ بارش کیا اندیشہ ہے۔ اس طوفان کے زیر اثر تمل ناڈو اور پڈوچیری کے نیلگری، ایروڈ، سیلم، کلاکوریچی، ویلوپورم، چنگل پٹو اور چنئی اضلاع کے الگ الگ حصوں میں بھاری بارش کی اندیشہ ہے۔ جیسے ہی طوفان چنئی شہر اور سرحدی اضلاع سے گزرا، اس دوران تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی اور 300 سے زیادہ درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔