وجے جلوس کے اخراجات بھی امیدوار کے کھاتے میں جوڑے جائیں گے: نیگی
شملہ، نومبر۔ ہماچل پردیش کے شملہ کے ضلع الیکشن افسر اور ڈپٹی کمشنر آدتیہ نیگی نے کہا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں امیدواروں کے اخراجات کا حساب ووٹوں کی گنتی کے دن تک جوڑا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ وجے جلوس کے اخراجات بھی امیدوار کے کھاتے میں جوڑے جائیں گے۔مسٹر نیگی نے بدھ کو یہاں بتایا کہ ووٹوں کی گنتی 8 دسمبر کو ہوگی اور جیتنے والے امیدواروں کے وجے جلوس کے اخراجات بھی ان کے خرچ سے متعلق کھاتے میں ڈالے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاون اخراجات کے نگراں اور حساب کتاب کی ٹیمیں ووٹوں کی گنتی سے ایک روز قبل ڈیوٹی پر ہوں گی اوروجے جلوس کے اخراجات کی نگرانی کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے بات چیت کے بعد محکمہ الیکشن نے مختلف اشیاء کی قیمتیں پہلے ہی طے کر رکھی ہیں جس کے مطابق اخراجات کا حساب لیا جائے گا۔ بینڈ یا ڈھولی کے لیے فی کس 1000 روپے کا خرچہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پھول مالا کی قیمت 35-70 روپے مقرر کی گئی ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ مٹھائی کی قیمتیں بھی پہلے سے مقرر ہیں۔ وجے جلوس میں استعمال ہونے والے سامان جیسے جھنڈے، بینرز، گاڑیاں وغیرہ کی قیمت بھی امیدوار کے اخراجات میں شامل کی جائے گی۔