گجرات کا ایک سال میں 35000 آسامیاں پر کرنے کا ہدف: مودی
گاندھی نگر، اکتوبر۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ گجرات میں ماضی قریب میں 10,000 نوجوانوں کو تقرری خط دیے گئے ہیں اور اگلے ایک سال میں 35,000 آسامیاں پر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گجرات روزگار میلے سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے ہزاروں نوجوان امیدواروں کو مبارکباد دی جنہیں مختلف گریڈوں میں مختلف عہدوں پر تقرری خط دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گجرات نے تیزی سے ترقی کی ہے اور آج گجرات پنچایت سیوا بورڈ سے 5000 امیدواروں کو تقرری خط مل رہے ہیں، اس کے علاوہ گجرات سب انسپکٹر ریکروٹمنٹ بورڈ اور لوکرکشک بھرتی بورڈ سے 8000 امیدواروں کو تقرری خط مل رہے ہیں۔وزیر اعظم نے اس معاملے میں گجرات کے وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم کی تعریف کی اور کہا کہ ماضی قریب میں گجرات میں 10 ہزار نوجوانوں کو تقرری کے لیٹر دیئے گئے ہیں اور اگلے ایک سال میں 35 ہزار اسامیاں پر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے اس موقع پر یاد دلایا کہ دھنتیرس کے مبارک دن انہوں نے ایک قومی سطح کے جاب میلے کا آغاز کیا تھا جہاں انہوں نے 75,000 امیدواروں کو تقرری کے خطوط تقسیم کیے تھے اور کہا تھا کہ مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اسی طرح کے جاب میلے منعقد کیے جائیں گے۔مسٹر مودی نے گجرات میں روزگار اور خود روزگار کے بہت سے مواقع پیدا کرنے کو ریاست کی نئی صنعتی پالیسی سے منسوب کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم جیسے اوجس اور زمرہ 3 اور 4 پوسٹوں میں انٹرویو کے عمل کی تکمیل کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ‘انوبندھم’ موبائل ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعہ ریاست میں ملازمت کے متلاشیوں اور آجروں کو جوڑ کر روزگار فراہم کرنے میں سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ اسی طرح گجرات پبلک سروس کمیشن کے تیز رفتار بھرتی کے ماڈل کو قومی سطح پراس کی تعریف کی گئی ہے۔