بلک ڈرگ پارک میں 2000 کروڑ کی سرمایہ کاری ہوگی: پی ایم مودی
شملہ، اکتوبر۔وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بلک ڈرگ فارما پارک کا سنگ بنیاد رکھا اور ٹرپل آئی ٹی کا آن لائن افتتاح کیا۔انہوں نے آج کہا کہ گرو نانک دیو کو یاد کرتے ہوئے، گرووں کو یاد کرتے ہوئے، ماں چنت پورنی کے قدموں میں سلام پیش کرتے ہوئے، دھنتیرس اور دیوالی سے پہلے ہماچل کو ہزاروں کروڑ کا تحفہ دیتے ہوئے مجھے خوشی ہورہی ہے۔ اونا میں ملک کے دوسرے بلک ڈرگ پارک کا کام شروع ہو گیا ہے۔ اس سے بڑی سوغات کیاہوسکتی ہے۔ ملک میں چوتھی وندے بھارت ٹرین ہماچل کو ملی ہے۔ آج ہماچل میں ٹرین نہیں بلکہ ہندوستان کی جدید ترین ٹرین چل پڑی ہے۔مسٹرمودی نے کہا کہ بلک ڈرگ پارک کے قیام کے بعد ضلع اونا ادویات سازی کے شعبے میں ایک بڑا ہب بن کر ابھرے گا۔ اس اسکیم کے لیے 300 کروڑ روپے کی پہلی قسط جاری کی جائے گی۔ یہ میگا پروجیکٹ نہ صرف فارماسیوٹیکل انڈسٹری بلکہ دیگر کئی صنعتوں کو بھی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔ بلک ڈرگ پارک 90 سے زائد ادویات کے لیے خام مال تیار کرے گا۔ ایک اندازے کے مطابق اس سے 20 ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار ملے گا۔ یہ تین سال میں تیار ہو جائے گا۔ اس کی تعمیر کے لیے ہرولی علاقے کے پانچ گاؤں میں 1400 ایکڑ اراضی کا انتخاب کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج کا نیا ہندوستان چیلنجوں پر کام کر رہا ہے۔ ڈبل انجن والی حکومت بلک ڈرگ پارک میں 2000 کروڑ کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ آنے والے وقت میں یہاں 10 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری ہوگی۔ اس سے خود روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ہماچل میں بننے والی دوائیوں کی طاقت دنیا نے دیکھی ہے۔