کانپور: ٹرک لوڈر کی ٹکر میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی موت، 10 زخمی
کانپور، اکتوبر۔ اتر پردیش کے کانپور میں کل رات ہوئے زبردست سڑک حادثے کے بعد اتوار کی صبح دوسرا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرک اور لووڈر کے درمیان زبردست ٹکر میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ صبح کے وقت چکری تھانہ علاقہ کے اہیروا فلائی اوور پر ایک لوڈر (چھوٹا ہاتھی) کو تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو کانپور کے ہیلٹ اسپتال پہنچایا۔ جہاں ڈاکٹروں نے 5 کو مردہ قرار دے دیا۔مہلوکین ایک ہی خاندان کے افراد بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے مرنے والوں کی تصدیق کانپور کے رہائشی سنیل پاسوان، اس کی ماں راما دیوی (60 سال)، بہن گڑیا (40 سال)، سالی کسک (17 سال) اور لوڈر ڈرائیور سورج (20 سال) کے طور پر کی ہے۔زخمیوں میں متوفی سنیل پاسوان کا بیٹا پرنس ، بیٹی تریشا، بیوی رینو، بھتیجا پرتھم، ساس رانی، سالہ آکاش، خالہ ریتا، ریکھا، پریا اور کٹپت شامل ہیں۔ ان کا علاج ہلیٹ اسپتال میں جاری ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق مقامی گاؤں والے لوڈر میں سوار ہو کر وندھیاچل منڈن کروانے جا رہے تھے۔ واضح رہے کہ سنیچر کی رات کانپور نگر میں ٹریکٹر ٹرالی کے حادثے میں 26 لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ لوگ منڈن کی رسومات کے لیے فتح پور ضلع کے ایک دیوی مندر جا رہے تھے۔ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مرنے والوں کی روح کے سکون کی دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو واقعے کے زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لے جانے اور مناسب علاج کرانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ اس کے ساتھ ہی ضلع مجسٹریٹ اور اعلیٰ پولیس افسران کو موقع پر جاکر جنگی بنیادوں پر امدادی کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔