مودی پہلی بار وندے بھارت ٹرین کی سواری کریں گے
احمد آباد، ستمبر۔وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو آتم نربھر کی نئی شناخت بننے والی ‘وندے بھارت ایکسپریس’ ٹرین میں پہلی بار ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کا سفر کریں گے۔وزیر اعظم گجرات کی راجدھانی گاندھی نگر کیپٹل سے ممبئی سنٹرل تک سروس کو جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے اور وہاں سے احمد آباد ریلوے اسٹیشن بھی جائیں گے۔مسٹر مودی گاندھی نگر کیپیٹل ریلوے اسٹیشن پر ایک تقریب میں صبح 10.30 بجے وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ اس موقع پر وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل بھی موجود رہیں گے۔مسٹر مودی اور دیگر مہمان احمد آباد کے کالوپور کے ریلوے اسٹیشن تک اس نئی ٹرین میں سفر کریں گے اور اس کے بعد ٹرین تقریباً 2 بجے ممبئی کے لیے روانہ ہوگی۔ بڑودہ ا اور سورت میں رک کر یہ ٹرین تقریباً 8.20 بجے ممبئی سنٹرل پہنچے گی۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب مسٹر مودی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کی سواری کریں گے۔ اس سے پہلے انہوں نے پہلی مرتبہ وندے بھارت ٹرین کا افتتاح 15 فروری 2019کوکیا تھا۔ لیکن وہ کبھی ایک اسٹیشن سے دوسرے اسٹیشن پر سوار ہو کر نہیں گئے۔ہندوستانی ریلوے کی نئی نسل کی وندے بھارت ٹرین 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مسافروں کی خدمت کے لیے تیار ہے۔ مسٹر ویشنو کے مطابق، وندے بھارت ایکسپریس کا نیا ریک پہلے سے ہلکا ہے اور نئے جدید بوگی ڈیزائن کی وجہ سے مسافر بغیر کسی جھٹکے یا کمپن کے 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرسکیں گے۔ ریلوے کے وزیرکے مطابق وندے بھارت ایکسپریس کے 75 ریکوں کی تیاری اگلے ماہ سے چنئی کی انٹیگرل کوچ فیکٹری میں شروع ہو جائے گی اور ہر ماہ دو تین سے شروع ہو کر آٹھ سے دس ریک ہر مہینے بنائے جائیں گے۔ وندے بھارت کے مستقبل میں بنائے جانے والے 400 ریک 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کے قابل ہوں گے جنہیں ترقی یافتہ ممالک کو بھی برآمد کیا جائے گا۔ وندے بھارت کے پہلے ورژن اور اس نئے ورژن میں فرق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی وندے بھارت ٹرین صفر سے سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو صرف 52 سیکنڈ میں پارکرتی ہے جب کہ پہلے ورژن کے ساتھ وندے بھارت 54.6 سیکنڈ کا وقت لیتی تھی ۔ اس رفتار کی حد کو عبور کرنے میں بلٹ ٹرین کو 55 سیکنڈ لگتے ہیں۔پہلی وندے بھارت کا ایکسل بوجھ 17 ٹن تھا جو کہ نئی گاڑی میں 15.3 ٹن ہے۔ پہلی گاڑی کا وزن 430 ٹن تھا لیکن نئی گاڑی کا وزن 392 ٹن یعنی 38 ٹن کم ہے۔ سیلاب کی صورت میں اگر پٹری دو فٹ تک پانی سے بھر جائے تب بھی وندے بھارت ٹرین آرام سے چلائی جا سکتی ہے، پہلے ورژن کی گاڑی صرف 40 سینٹی میٹر تک پانی میں چلائی جا سکتی ہے ۔ پہلی وندے بھارت ٹرین کی لاگت 97 کروڑ روپے تھی جبکہ نئی وندے بھارت کی لاگت تقریباً 107 کروڑ روپے ہے۔