ٹیمپو ٹریولر کھائی میں گرا، سات افراد ہلاک، دس زخمی

شملہ، ستمبر۔ہماچل پردیش کے ضلع کلو کے بنجار میں کل رات سیاحوں کی جیپ کھائی میں گرنے سے سات افراد ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوگئے۔ہماچل پردیش ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ترجمان نے آج یہاں یہ معلومات دی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کلّو کے بنجار میں قومی شاہراہ-305 پر جلوری جوٹ کے قریب گھیاگی کے نزدیک ایک ٹیمپو ٹریولر کے کھائی میں گرنے سے سات سیاح ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ رات تقریباً 10:55 پر پیش آیا۔ تمام سوار اتر پردیش کے نوئیڈا کے رہنے والے تھے۔حادثے کے وقت، 17 سیاح دہلی کے مجنوں ٹیلہ سے ایک ٹیمپو ٹریولر بک کرکے کلّو گھومنے آئے تھے۔ حادثے میں گاڑی کے پرخچےاڑ گئے۔ چار سیاحوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ باقی زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچے اور انہیں کھائی سے نکال کر اپنی گاڑیوں میں بنجار اسپتال لے آئے۔ زخمیوں کی حالت کو دیکھتے ہوئے انہیں کلو اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ گرودیو شرما نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بنجار میں گھیاگی کے قریب ایک ٹریویلر کے حادثے کی اطلاع ملی ہے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے منالی-چنڈی گڑھ قومی شاہراہ کو کھلا رکھنے کا حکم دیا ہے۔ چھ میل کے قریب راستہ بند ہوگیا تھا۔ زخمیوں کو نیرچک میڈیکل کالج لانے میں کوئی پریشانی نہ ہو اس کے لئے وزیراعلیٰ نے سڑک کو کھلا رکھنے کا حکم دیا ہے۔

Related Articles