پٹرول اور ڈیزل کی اونچی قیمت نے ماہی گیروں کا کاروبار تباہ کر دیا: راہل
نئی دہلی، ستمبر۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ماہی گیروں کا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے اور زبردست مہنگائی کی وجہ سے ان کے لیے خاندان کے افراد کا پیٹ بھرپانا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ مسٹر گاندھی نے فیس بک پر اپنے ٹویٹ میں کہا ‘آج صبح ماہی گیروں کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ ہم نے ان کے کاروبار کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان پریشانیوں کو سمجھا جن کا وہ آج سامنا کر رہے ہیں۔کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ان کے کاروبار کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ کمائی نہیں بڑھ رہی لیکن اخراجات بہت بڑھ گئے ہیں۔ مہنگی تعلیم کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں بھی پریشان ہیں ۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران وہ ہر طبقے کے لوگوں سے ملنے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کا مسئلہ کیا ہے۔ مسٹر گاندھی نے کہا ’’بھارت جوڑو یاترا ملک کے ہر طبقے اور ہر فرد کے لیے ہے۔ آپ اور ہم بات چیت کریں گے، اور ایک بہتر کل کی طرف بڑھیں گے۔اہم بات یہ ہے کہ مسٹر گاندھی نے پیر کی صبح کیرالہ کے الاپپوزا میں وڈاکل ساحل پر ماہی گیروں سے بات چیت کی، جس کے دوران ایندھن کے بڑھتے ہوئے اخراجات، کم ہوتی ہوئی سبسڈی، مچھلیوں کے ذخیرے میں کمی، سماجی بہبود اور پنشن کی کمی، تعلیمی مواقع کی کمی اور ماحولیاتی مسائل میٹنگ کے دوران زیر بحث آئے۔