جتیندر سنگھ کلین انرجی فورم کی میٹنگ میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ
نئی دہلی، ستمبر۔سائنس، ٹیکنالوجی اور ارتھ سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پیر کو کہا کہ گلوبل کلین انرجی ورکنگ فورم کی میٹنگ سے ہندوستان کو دنیا کے سامنے وزیر اعظم کے وژن کو پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ ایک اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کے ساتھ امریکہ کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہونے سے قبل ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اس فورم میں مختلف ممالک کے کم از کم 30 وزراء، سیکڑوں سی ای اوز، کاروباری شخصیات، سائنسدانوں اور ماہرین تعلیم سمیت متعدد اسٹیک ہولڈرز اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے مہینے ہی وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ نے ہندوستان کی تازہ ترین قومی طے شدہ شراکت (این ڈی سی) سے متعلق تجویز کو منظوری دی تھی۔ اس کے بارے میں وہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے موسمیاتی تبدیلی کو واقف کرائیں گے۔گزشتہ نومبر میں برطانیہ کے گلاسگو میں منعقدہ موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں ہندوستان نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے دنیا کو پانچ امرت عناصر کا اعلان کرکے ان پر کام کرنے کی بات کہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ 15 اگست کو نیشنل ہائیڈروجن مشن کا بھی آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کا مقصد موسمیاتی اہداف کو پورا کرنے اور ملک کو گرین ہائیڈروجن ہب بنانے میں حکومت کو مدد فراہم کرنا ہے۔ اس سے 2030 تک پچاس لاکھ ٹن گرین ہائیڈروجن پیدا کرنے اور قابل تجدید توانائی کی صلاحیت سے متعلق ترقی کے ہدف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ہندستان کو نیٹ زیرو ایمیشن کی طرف لے جانے کے لیے ایک ہی وزارت ذمہ دار نہیں ہے بلکہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت، نئی اور قابل تجدید توانائی کی وزارت اور بھاری صنعتوں کی وزارت مل کر کام کر رہی ہیں۔