دہلی-این سی آر میں موسلا دھار بارش
آئی جی آئی ٹرمنل -3 میں پانی، پروازیں متاثر
نئی دہلی ، ستمبر, قومی راجدھانی کے اس کے قرب وجوار کے علاقہ اور اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمنل 3 اور شہر کے دیگر حصے ہفتہ کی صبح سے ہونے والی موسلا دھار بارش کی وجہ سے پانی میں ڈوب گئے۔خیال رہے محکمہ موسمیات نے آج دہلی اور این سی آر کے علاقے میں تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔ دارالحکومت میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے این سی آر سمیت شہر کے کئی حصوں میں پانی جمع ہے۔ دہلی کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے ان کے گھروں میں داخل ہونے والے پانی کو نکالتے دیکھا گیا ہے۔ کل رات سے دہلی میں مسلسل بارش ہورہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بوچھاریں بھی پڑرہی ہیں۔ٹریفک پولیس کے مطابق قومی شاہراہ 48 پر گروگرام/پریڈ روڈ کراسنگ پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے دھولا کنواں سے گروگرام جانے والی گاڑیوں میں شفر کرنے والے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ٹریفک پولیس اپنے ایک ٹویٹ کہا’’آج جی ٹی کے ڈپو کے قریب سڑک کے دونوں اطراف میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے آزاد پور سے مکربہ چوک اور مکربہ چوک سے آزاد پور جانے والی سڑکیں بری طرح متاثر ہیں۔ ان مقامات پر ٹریفک اہلکار موجود ہیں اور گاڑیوں کو کنٹرول کر رہے ہیں۔اسی طرح رنگ روڈ پر ڈبلیو ایچ او کے قریب سڑک میں پانی جمع ہوگیا ہے۔ ڈرائیوروں کو اس طرف جانے کا مشورہ نہیں دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سمت میں آنے سے گریز کریں اور اس کے بجائے آؤٹر رنگ روڈ اور آزاد پور مکند پور فلائی اوور جیسے متبادل راستوں کو اختیار کریں۔دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے (ٹرمنل -3) میں بھی پانی بھر گیا ہے اور اس کی وجہ سے طیاروں کی پروازیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔اندراگاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے نے ٹویٹ کیا ’’ہم آپ کی پریشانیوں کی و جہ سے معذرت خواہ ہیں۔ کچھ دیر کے لیے موسلا دھار بارش کے باعث ایئر پورٹ ٹرمنل میں پانی بھر گیا۔ ہم نے فوری طور پراس سے نمٹنے کیلئے اپنی ٹیمیں تعینات کردی ہیں اور اس سے جلد ہی نجات مل جائے گی۔اسپائس جیٹ نے ٹویٹ کیا’’دہلی میں خراب موسم کی وجہ سے اس کی تمام پروازوں کی روانگی/آمد متاثر ہوسکتی ہے‘‘۔انڈیگو نے بھی ٹویٹ کرکے بتایا کہ دارالحکومت میں خراب موسم کی وجہ سے دہلی ہوائی اڈے پر پروازوں کی روانگی اور آمد متاثر ہوئی ہے۔آئی ایم ڈی کے مطابق صفدرجنگ آبزرویٹری سینٹر میں صبح 5.30 سے صبح 8.30 تک 80.3 ملی میٹر جبکہ پالم میں 98.0 ملی میٹر بارکش ریکارڈ کی گئی ہے۔آئی ایم ڈی نے اپنے موسم بلیٹن کے بارے میں ٹویٹ کیا ’’دہلی (ڈیرہ منڈی ، آئی جی آئی ایئر پورٹ) ، این سی آر میں فرید آباد ، بلبھ گڑھ ، گروگرام ، روہتک ، گوہنا اور ملحقہ علاقوں میں الگ الگ مقامات پر موسلا دھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے‘‘۔ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ این سی آر میں نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا ، کرنال ، اسندھ ، سفیدون ، پانی پت ، سونی پت ، جیند ، ہانسی ، مھم ، چرخی دادری ، کوسلی ، ریواڑی ، نوح ، جھجر (ہریانہ) کے پاس اور اتر پردیش میں کاندھلہ ،بڑوت ، جتاری اور ملحقہ علاقوں میں گرج کے ساتھ ہلکی سے اوسط بارش ہوگی۔قومی دارالحکومت دہلی میں جمعہ کی صبح 8.30 بجے سے آج صبح 8.30 بجے تک (گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران) صفدرجنگ میں 94.4 ملی میٹر ، پالم میں 103 ملی میٹر ، لودھی روڈ میں 64.0 ملی میٹر ، رج کے علاقے میں 67.6 ملی میٹر ، یحیٰ نگر میں 32.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ . اس کے علاوہ ہریانہ اور اتر پردیش کے کئی علاقوں میں آج سے دوبارہ بارش شروع ہوگئی ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اس ماہ کے شروع میں دہلی نے گزشتہ 19 برسوں میں ستمبر میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی۔ قومی دارالحکومت میں یکم ستمبر کو ریکارڈ 112.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ دہلی میں گزشتہ 11 برسوں میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس سال دارالحکومت میں مجموعی طور پر اب تک 1،005.3 ملی میٹر بارش ہو ئی ہے۔دریں اثنا ، دارالحکومت میں آج کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ صبح 8.30 بجے رطوبت 100 فیصد رہی۔آئی ایم ڈی نے کہا کہ دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہ سکتا ہے۔