تلنگانہ کے وزیراعلی نے سیلاب سے متاثرہ مُلگ ضلع کا دورہ کیا
حیدرآباد،جولائی۔تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے سیلاب سے متاثرہ مُلگ ضلع کا دورہ کیا۔قبل ازیں وہ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ متحدہ ورنگل اور کھمم اضلاع کا دورہ کرنے والے تھے تاہم موسم کی خرابی کی وجہ سے انہوں نے فضائی سروے کو ملتوی کردیااوربذریعہ بس مُلگ ضلع کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔اپنے دورہ کے حصہ کے طورپر انہوں نے پہلے ایٹوروناگارم کے رامناگوڑم کے پشکر گھاٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیلاب کی تباہ کاریوں کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔انہوں نے سیلاب کے متاثرین سے بعد ازاں ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔انہوں نے ضلع کلکٹر کرشنا آدتیہ اوردیگر عہدیدارووں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ان کو مختلف ہدایات بھی دیں۔ بعد ازاں انہوں نے بھدراچلم کا دورہ کیا اورسیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔دریائے گوداوری میں پانی کا شدید بہاو درج کیاجارہا ہے۔انہوں نے مختلف مقامات پر عوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ اعلی عہدیداروں کے ساتھ بارش کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔