این ڈی اے کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو نے مودی سے ملاقات کی
نئی دہلی، جون ۔ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو نے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔محترمہ مرمو آج دوپہر دارالحکومت دہلی پہنچی تھیں۔جمعرات کو ایک ٹویٹ پیغام میں وزیر اعظم نے کہاکہ محترمہ دروپدی مرمو جی سے ملاقات ہوئی۔ انہیں صدارتی امیدوار بنانے پر سماج کے تمام طبقات نے ان کا خیر مقدم کیا ہے۔ زمینی مسائل کے بارے میں ان کی سمجھ اور ہندوستان کی ترقی کے لیے ان کا وژن غیر معمولی ہے۔‘‘ قبل ازیں، یہاں پہنچنے پر محترمہ مرمو کا ہوائی اڈے پر دہلی ریاستی بی جے پی صدر آدیش گپتا، ایم پی منوج تیواری اور رمیش بدھوری سمیت پارٹی کے سبھی لیڈروں نے شاندار استقبال کیا۔وہ مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت، قبائلی امور کے مرکزی وزیر ارجن منڈا، ثقافت اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر مملکت ارجن رام میگھوال اور بی جے پی کے جنرل سکریٹری ترون چُگ کے ساتھ دارالحکومت آئیں۔ ذرائع کے مطابق محترمہ مرمو جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گی۔